زلزلے کے شدید جھٹکے، پشاور اسمبلی میں بھگدڑ مچ گئی
تفصیلات کے مطابق آج شام پشاور سمیت ملک کے کئی علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، اس دوران خیبر پختونخوا اسمبلی میں بجٹ سیشن جاری تھا کہ اچانک زمین لرزنے لگی، جس سے ایوان میں موجود ارکان اور عملے میں شدید خوف پھیل گیا۔
زلزلے کے جھٹکے محسوس ہوتے ہی ارکان اسمبلی اپنی نشستوں سے اٹھے اور فوری طور پر ہال سے باہر نکلنے لگے۔ بعض ارکان صورتحال کی سنگینی کے باعث دوڑتے ہوئے عمارت سے باہر پہنچے، جس سے اسمبلی کے اندر بھگدڑ کی کیفیت پیدا ہوگئی۔
ڈپٹی اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی نے فوری طور پر صورتحال کو کنٹرول کرتے ہوئے اجلاس پانچ منٹ کے لیے ملتوی کر دیا۔ اس دوران وہ خود بھی حفاظتی تدابیر اختیار کرتے ہوئے اسمبلی کی عمارت سے باہر نکل گئے۔
زلزلے کے جھٹکے صرف پشاور تک محدود نہیں رہے بلکہ اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت مختلف علاقوں میں بھی محسوس کیے گئے،جس کے بعد شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا، لوگ دفاتر اور گھروں سے باہر نکل آئے اور کلمہ طیبہ کا ورد کرتے رہے۔
یہ بھی پڑھیں:ایران نے بحرین میں امریکی تنصیبات پر حملہ کر دیا
ریسکیو اور متعلقہ اداروں کے مطابق تاحال کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، تاہم صورتحال پر نظر رکھی جا رہی ہے۔