کمرشل طیاروں کے جیٹ فیول کی قیمت میں7 روپے 15 پیسے فی لٹر کمی
تفصیلات کے مطابق نئی قیمت میں کمی کے بعد جیٹ فیول کی فی لیٹر قیمت 231 روپے 72 پیسے مقرر کر دی گئی ہے۔ حکومتی فیصلے کے تحت ایئرلائنز کو ایندھن کے اخراجات میں ریلیف فراہم کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق جیٹ فیول کی قیمت میں کمی سے فضائی کمپنیوں کے آپریشنل اخراجات میں نمایاں کمی متوقع ہے، جس کے مثبت اثرات ملکی فضائی شعبے پر مرتب ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں: حکومت کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ
ماہرین کے مطابق ایندھن کی قیمت میں کمی سے نہ صرف ایئرلائنز کی لاگت کم ہوگی بلکہ مستقبل میں ہوائی کرایوں پر بھی ممکنہ طور پر اثر پڑ سکتا ہے، تاہم اس حوالے سے حتمی صورتحال ایئرلائنز کی پالیسیوں پر منحصر ہوگی۔
یاد رہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں حالیہ کشیدگی سے قبل جیٹ فیول کی قیمت تقریباً 188 روپے فی لیٹر تھی، تاہم عالمی منڈی میں اتار چڑھاؤ کے باعث قیمتوں میں تبدیلیاں دیکھنے میں آتی رہی ہیں۔
حکومت کا کہنا ہے کہ توانائی کے شعبے میں قیمتوں کا تعین عالمی منڈی کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جاتا ہے تاکہ معیشت پر دباؤ کم کیا جا سکے اور مختلف شعبوں کو متوازن ریلیف فراہم کیا جا سکے۔