بلوچستان میں زلزلے کے شدید جھٹکے
محکمہ موسمیات کے مطابق صبح 10 بج کر 58 منٹ پر بلوچستان میں زلزلے کے جھٹکے ریکارڈ کیے گئے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق زلزلے کی شدت 5.0 ریکارڈ کی گئی، جبکہ اس کی گہرائی 18 کلومیٹر تھی۔ زلزلے کا مرکز بلوچستان کے ضلع کوہلو سے تقریباً 65 کلومیٹر شمال مشرق میں واقع تھا، جس کے جغرافیائی نقاط 30.40 درجے شمالی عرض بلد اور 69.68 درجے مشرقی طول بلد ریکارڈ کیے گئے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق فوری طور پر کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، تاہم متعلقہ ادارے صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ زلزلے قدرتی آفت ہیں جس کے باعث دنیا بھر میں اب تک لاکھوں افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں اور کئی قومیں تباہ ہو چکی ہیں۔ ماہرین کے مطابق زمین کی سطح 3 بڑی پلیٹوں سے بنی ہوتی ہے۔ پہلی تہہ یوریشین، دوسری بھارتی اور تیسری کا نام اریبین ہے۔
یہ بھی پڑھیں: 7.1 شدت کا تباہ کن زلزلہ، ہزاروں ہلاکتوں کا خدشہ
زیر زمین حرارت جمع ہوتی رہتی ہے تو یہ پلیٹس ایک جگہ سے دوسری جگہ سرکتی ہیں۔ زمین ہلنا شروع ہو جاتی ہے اور یہی کیفیت زلزلہ کہلاتی ہے۔ زلزلے کی لہریں دائرے کی شکل میں چاروں طرف یلغار کرتی ہیں اور خوف و ہراس پھیل جاتا ہے۔
زلزلوں کا آنا یا آتش فشاں کا پھٹنا، ان علاقوں ميں بہت ہوتا ہے جو ان پلیٹوں کے سنگم پر واقع ہوتے ہیں۔
ماہرین کا مزید کہنا ہے کہ جن علاقوں میں ایک مرتبہ بڑا زلزلہ آ جائے تو وہاں دوبارہ بھی بڑا زلزلہ آنے کا قوی امکان ہوتا ہے۔ پاکستان کا دو تہائی علاقہ فالٹ لائنز پر ہے جس کے باعث ان علاقوں میں کسی بھی وقت زلزلہ آسکتا ہے۔
کراچی سے اسلام آباد، کوئٹہ سے پشاور، مکران سے ایبٹ آباد اور گلگت سے چترال وغیرہ یہ تمام شہر شروع سے ہی زلزلوں کی زد میں ہیں، جن میں کشمیر اور گلگت بلتستان کے علاقے زیادہ حساس شمار ہوتے ہیں۔
خیال رہے کہ زلزلے کے اعتبار سے پاکستان دنیا کا 5 واں بڑا حساس ترین ملک شمار کیا جاتا ہے۔
پاکستان انڈین پلیٹ کی شمالی سرحد پر موجود ہے جہاں یہ یوریشین پلیٹ سے ملتی ہے۔ یوریشین پلیٹ کے نیچے دھنسنے اور انڈین پلیٹ کے آگے بڑھنے کا عمل لاکھوں سال سے جاری و ساری ہے۔
پاکستان کے 2 تہائی رقبے کے نیچے سے گزرنے والی تمام فالٹ لائنز متحرک ہیں جہاں کم یا درمیانے درجہ کا زلزلہ وقفے وقفے سے آتا رہتا ہے۔