پی ٹی اے کی موبائل فون خریدنے والے صارفین کو خصوصی ہدایت
پی ٹی اے کے مطابق ملک میں غیر قانونی اور غیر تصدیق شدہ موبائل ڈیوائسز کی روک تھام کے لیے ڈیوائس آئیڈینٹی فکیشن، رجسٹریشن اینڈ بلاکنگ سسٹم کا مؤثر نظام قائم کیا گیا ہے، اس نظام کے تحت غیر تصدیق شدہ آئی ایم ای آئی رکھنے والی ڈیوائسز کو موبائل نیٹ ورک پر چلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
اتھارٹی نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ موبائل فون خریدنے سے پہلے اس کے آئی ایم ای آئی نمبر کی تصدیق لازمی کریں، صارفین اپنے موبائل کا آئی ایم ای آئی نمبر *#06# ڈائل کر کے معلوم کر سکتے ہیں، جس کے بعد یہی نمبر 8484 پر ایس ایم ایس کر کے ڈیوائس کی قانونی حیثیت چیک کی جا سکتی ہے۔
اس کے علاوہ پی ٹی اے کی ویب سائٹ اور موبائل ایپ کے ذریعے بھی تصدیق کی سہولت دستیاب ہے۔
پی ٹی اے نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ ہمیشہ قابل اعتماد دکاندار سے موبائل خریدیں، خریداری کے وقت ڈیوائس کا آئی ایم ای آئی نمبر چیک کریں اور رسید ضرور حاصل کریں۔
حکام کے مطابق غیر قانونی، کلون، چوری شدہ یا ٹمپر شدہ آئی ایم ای آئی والی ڈیوائسز نہ صرف صارف کے لیے پریشانی کا باعث بنتی ہیں بلکہ قانوناً بھی جرم کے زمرے میں بھی آتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی اے کا جعلی کالز اور میسجز کے حوالے سے الرٹ جاری
پی ٹی اے کے مطابق پیکا ایکٹ 2016 کے تحت کسی بھی ٹیلی کمیونی کیشن ڈیوائس کے آئی ایم ای آئی کو غیر قانونی طور پر تبدیل، پروگرام یا ٹیمپر کرنا قابل سزا جرم ہے، جس پر تین سال تک قید، دس لاکھ روپے تک جرمانہ یا دونوں سزائیں ہو سکتی ہیں۔
اتھارٹی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ موبائل فون خریدتے وقت محتاط رہیں، اپنی رقم محفوظ بنائیں اور صرف پی ٹی اے سے منظور شدہ ڈیوائس ہی استعمال کریں۔