پٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں عوام کو پھر بڑا ریلیف ملنے کا امکان
پٹرولیم ڈویژن ذرائع کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 22 روپے فی لٹر تک کمی کی تجویز پر غور کیا جا رہا ہے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 42 روپے فی لٹر تک کم کرنے کی سفارش سامنے آئی ہے۔
ماہرین کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مجوزہ ردوبدل ہونے کی صورت میں ٹرانسپورٹ سیکٹر سمیت عام صارفین کو بڑا ریلیف ملنے کا امکان ہے، ٹرانسپورٹیشن سستی ہونے سے اشیائے ضروریہ کی نقل و حمل کے اخراجات میں کمی ہو سکتی ہے، جس کے نتیجے میں مہنگائی کے دباؤ میں بھی کمی آنے کی توقع ہے۔
دوسری جانب ذرائع کا یہ بھی بتانا ہے کہ ڈیزل پر پٹرولیم لیوی میں 27 روپے فی لٹر اضافے کی تجویز بھی زیرغور ہے، یہ تجویز منظور ہوتی ہے تو صارفین کو ملنے والے ممکنہ ریلیف کی شرح متاثر ہو سکتی ہے۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں حالیہ کمی، طلب میں اضافے اور خطے میں کشیدگی کے بادل چھٹنے کے بعد سامنے آئی ہے، جس کے اثرات پاکستان سمیت کئی درآمدی ممالک میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر پڑ رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کی خوشخبری آگئی
عالمی جریدے بلوم برگ کے اعداد و شمار کے مطابق بین الاقوامی مارکیٹ میں خام تیل برینٹ کروڈ 74.80 ڈالر فی بیرل کی سطح پر ٹریڈ ہوا جو بعد میں مزید کمی کے بعد تقریباً 73.8 ڈالر فی بیرل تک نیچے آگیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ خام تیل کی قیمت مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے بعد پہلی بار 75 ڈالر فی بیرل سے نیچے آئی ہے جو فروری کے اواخر میں امریکا اور اسرائیل کی ایران کے ساتھ کشیدگی شروع ہونے سے پہلے کی سطح کے قریب ہے۔