پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کی خوشخبری آگئی
لیگی سینیٹر رانا ثناء اللہ نے میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں کے معاملے پر وزیراعظم نے ایک ٹیم بنائی ہے اور قوی امکان ہے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں میں ابھی مزید کمی آئے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے باعث ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ، حکومت نے بحرانی صورتحال کے تناظر میں ہفتہ وار ہر جمعے کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کا فیصلہ کیا تھا۔
رانا ثناءاللہ نے کہا کہ ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے زائد نرخوں پر تیل کی خریداری کرنا پڑی، اس وقت پروپیگنڈا کیا گیا کہ آئل کمپنیوں نے اربوں روپے منافع کما لیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سرکاری ہسپتال میں پیدا ہونیوالے ہر بچے کیلئے سونے کی انگوٹھی کا اعلان
لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ تیل کمپنیوں کو پٹرولیم قیمتوں پر فائدہ ہوا تو اب انہیں تھوڑا واپس بھی کرنا ہو گا، یہ بھی دیکھا جائیگا کہ کمپنیوں نے کتنا منافع کمایا، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے اگر کمپنیوں پر بہت زیادہ بوجھ پڑ رہا ہے تو حکومت کمپنیوں کا بھی خیال رکھے گی۔
وزیراعظم کے مشیر نے واضح کیا کہ پٹرولیم مصنوعات پر کوئی بحران پیدا کرنے کی کوشش کی گئی تو پھر کمپنیوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔