اسلام آباد:اتوار بازار میں آتشزدگی، 70 سے زائد دکانیں جل گئیں
ریسکیو ذرائع کے مطابق آگ اتوار بازار کے چار مختلف سیکشنز تک پھیل گئی، جن میں جوتوں اور کپڑوں کی دکانوں کے حصے بھی شامل تھے۔ آگ کے باعث متعدد دکانیں مکمل طور پر جل گئیں جبکہ کئی دکانوں کو جزوی نقصان پہنچا۔
واقعے کے بعد بازار میں موجود افراد میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ اپنی جانیں بچانے کیلئے محفوظ مقامات کی جانب دوڑے۔
آگ کی شدت کو دیکھتے ہوئے اسلام آباد کے علاوہ راولپنڈی سے بھی ریسکیو کی اضافی گاڑیاں اور عملہ طلب کیا گیا۔ امدادی ٹیموں نے فوری طور پر کارروائی شروع کرتے ہوئے آگ کو مزید پھیلنے سے روکنے کی کوشش کی۔ کئی گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پانے کیلئے آپریشن جاری رکھا گیا۔
اسسٹنٹ کمشنر اسلام آباد بھی موقع پر موجود رہے اور ریسکیو و امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کرتے رہے، ابتدائی طور پر کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، تاہم مالی نقصانات کا تخمینہ لگانے کیلئے سروے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:یکم جولائی سے تنخواہ پر کتنا ٹیکس کٹے گا؟ نئے سیلبز متعارف
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ آتشزدگی کی اصل وجوہات تاحال سامنے نہیں آ سکیں، تاہم واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔