یومِ عاشور پر دو روزہ عام تعطیل کا اعلان
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق 25 اور 26 جون (جمعرات اور جمعہ) کو سندھ بھر میں سرکاری تعطیلات ہوں گی۔ ان تعطیلات کے دوران تمام سرکاری، نیم سرکاری، بلدیاتی اور خودمختار ادارے بند رہیں گے، جبکہ دفاتر میں معمول کی سرگرمیاں معطل رہیں گی۔
محکمہ سروسز، جنرل ایڈمنسٹریشن اینڈ کوآرڈینیشن (SGA&C) کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا کہ یومِ عاشور کے احترام میں صوبے بھر میں مکمل تعطیل ہوگی تاکہ شہری مذہبی رسومات اور مجالس میں بھرپور شرکت کر سکیں۔
حکام کے مطابق ان تعطیلات کا مقصد عوام کو مذہبی فرائض کی ادائیگی کیلئے سہولت فراہم کرنا ہے، جبکہ اس دوران صرف ضروری اور ہنگامی سروسز جیسے ہسپتال، ریسکیو ادارے، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے معمول کے مطابق خدمات انجام دیتے رہیں گے۔
نوٹیفکیشن کے بعد سرکاری دفاتر میں دو روزہ تعطیل کی وجہ سے معمول کے انتظامی امور بھی عارضی طور پر متاثر رہیں گے، تاہم بعد از تعطیلات معمولات بحال کر دیے جائیں گے۔
دوسری جانب شہریوں نے اس اعلان کو مذہبی حوالے سے اہم اور خوش آئند قرار دیا ہے، مختلف علاقوں میں محرم الحرام کے دوران مجالس اور جلوسوں کیلئے سکیورٹی اور انتظامات کو بھی حتمی شکل دی جا رہی ہے تاکہ امن و امان کی صورتحال برقرار رکھی جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں:5 ہزار کے نوٹ پر نواز شریف کی تصویر شامل کرنے کا مطالبہ
حکومت نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ محرم الحرام کے دوران قانون کی پابندی کریں اور سیکیورٹی اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔