عدالت نے سہیل آفریدی کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے
اسلام آباد سیشن کورٹ میں سہیل آفریدی کیخلاف درج مقدمے کی سماعت سینئر سول جج عباس شاہ نے کی، دورانِ سماعت ملزم کی عدم حاضری پر عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے اور متعلقہ حکام کو انہیں گرفتار کرکے عدالت کے روبرو پیش کرنے کی ہدایت جاری کی۔
عدالتی ذرائع کے مطابق مقدمہ ریاستی اداروں کیخلاف مبینہ طور پر گمراہ کن الزامات اور اداروں کی ساکھ متاثر کرنے کے حوالے سے درج کیا گیا تھا۔
کیس میں عدالت کو ملزم کی مسلسل عدم حاضری کا سامنا تھا، جس کے بعد سخت قانونی کارروائی کا فیصلہ کیا گیا۔
سماعت کے دوران عدالت نے کیس کی مزید کارروائی 29 جون تک ملتوی کر دی، آئندہ سماعت پر مقدمے کی پیش رفت اور عدالتی احکامات پر عملدرآمد کا جائزہ لیا جائے گا۔
یاد رہے کہ سہیل آفریدی کیخلاف پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج ہے، جس کی تحقیقات نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کر رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:سپریم کورٹ: ملازمین کے یوٹیلیٹی الاؤنس میں 100 فی صد اضافہ
قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری کا اجرا عدالتی کارروائی میں ایک اہم مرحلہ سمجھا جاتا ہے، جس کے بعد ملزم کی عدالت میں پیشی یقینی بنانے کیلئے قانون نافذ کرنے والے ادارے متحرک ہو جاتے ہیں۔