اسلام آباد پولیس میں بھرتیوں کا اعلان
تفصیلات کے مطابق حکومت نے اسلام آباد پولیس میں س تقریباً دو ہزار نئی سرکاری آسامیوں پر بھرتیوں کی منظوری دے دی ہے۔
رپورٹس کے مطابق اسلام آباد پولیس میں مجموعی طور پر ایک ہزار 934 نئی اسامیوں کی منظوری دی گئی ہے۔ یہ بھرتیاں اسپیشل پروٹیکشن یونٹ اور لاء اینڈ آرڈر ڈویژن میں کی جائیں گی تاکہ سکیورٹی اور امن و امان کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔
دستاویزات کے مطابق وی آئی پیز اور حساس تنصیبات کی حفاظت کیلئے 997 نئی آسامیاں مختص کی گئی ہیں، جبکہ امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کیلئے 937 نئی آسامیوں کی منظوری دی گئی ہے۔ ان آسامیوں پر مختلف رینکس میں اہلکار بھرتی کیے جائیں گے۔
منظور شدہ اسامیوں میں 1580 کانسٹیبلز اور 180 ہیڈ کانسٹیبلز شامل ہیں، جبکہ فیلڈ آپریشنز کی نگرانی اور انتظامی امور کو مضبوط بنانے کیلئے 24 انسپکٹرز کے عہدے بھی تخلیق کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ 100 اسسٹنٹ سب انسپکٹرز (اے ایس آئی) اور 50 سب انسپکٹرز کو بھی براہ راست فورس کا حصہ بنایا جائے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ نئی بھرتیوں کا مقصد پولیس فورس کی استعداد کار میں اضافہ اور وفاقی دارالحکومت میں سکیورٹی انتظامات کو مزید مضبوط بنانا ہے۔ تمام اخراجات وفاقی پولیس کے بجٹ سے پورے کیے جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں:تیل قیمتوں میں کمی سے متعلق اچھی خبر آئے گی، وزیر پٹرولیم
واضح رہے کہ یہ فیصلہ نہ صرف پولیس فورس کو مضبوط کرے گا بلکہ بے روزگار نوجوانوں کیلئے روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا کرے گا، جس سے عوامی خدمات کی فراہمی میں بہتری آنے کی توقع ہے۔