بلوچستان: مالی سال 27-2026 کا بجٹ ایوان میں پیش کر دیا گیا
صوبائی وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی نے آئندہ مالی سال کے لیے 1089.26 ارب روپے کے حجم کا بجٹ ایوان میں پیش کیا۔
اسمبلی اجلاس کے دوران بجٹ تقریر کے دوران صوبائی وزیر خزانہ نے بتایا کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ کا کل تخمینہ 1134.92 ارب روپے ہے، آئندہ مالی سال کے لئے غیر ترقیاتی اخراجات کا تخمینہ 797 ارب روپے ہے۔
میر شعیب نو شیروانی کا کہنا تھا کہ مالی سال 27-2026 کے لئے ترقیاتی اخرجات کا حجم 206 ارب روپے ہے ، مالی سال 27-2026 کا بجٹ بھی سرپلس ہو گا ، بجٹ میں تعلیم ، صحت اور امن و امان کو ترجیح دی جارہی ہے۔
وزیر خزانہ نے بتایا کہ محکمہ اسکول ایجوکیشن کے لئے 127 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں، آئندہ مالی سال کے بجٹ میں ہائر ایجوکیشن کے لئے 31 ارب روپے رکھے گئے ہیں، محکمہ صحت کے لئے 96 ارب روپے کی رقم مختص کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ہم نے تیسرا سرپلس بجٹ پیش کر کے نیا ریکارڈ قائم کیا ہے: عظمیٰ بخاری
ان کا مزید کہنا تھا کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں سیف سٹی پراجیکٹ کے لئے 5 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں، امن و امان کے لئے 90 ارب روپے سے زائد مختص کئے گئے ہیں ، سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں 7 فیصد اضافے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔