بجلی کے بلوں کا نیا اور آسان فارمیٹ متعارف
اس نئے فارمیٹ کے تحت بل کی تفصیلات سمجھنا پہلے کے مقابلے میں کہیں زیادہ آسان ہو جائے گا۔
وزارت توانائی کی ہدایات پر تمام ڈسکوز نے بجلی کے بلوں کا نیا ڈیزائن جاری کر دیا،نئے فارمیٹ میں صارفین اپنی بجلی کی کھپت، قابلِ ادائیگی رقم، مقررہ تاریخ اور دیگر اہم معلومات ایک نظر میں آسانی سے دیکھ سکیں گے۔
حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد بلنگ کے نظام میں شفافیت پیدا کرنا اور صارفین کو درپیش مشکلات کا خاتمہ کرنا ہے۔
ترجمان پاور ڈویژن کے مطابق نیا بل فارمیٹ سادگی، شفافیت اور بہتر صارف تجربے کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کیا گیا ہے۔ صارفین کی جانب سے موصول ہونے والی شکایات اور تجاویز کی روشنی میں بل کے ڈیزائن کو مکمل طور پر ازسرنو ترتیب دیا گیا ہے تاکہ ہر طبقے کا صارف اسے آسانی سے سمجھ سکے۔
حکام کا کہنا ہے کہ پرانے بل میں غیر ضروری معلومات، پیچیدہ اصطلاحات اور مشکل ترتیب کے باعث صارفین کو مشکلات کا سامنا رہتا تھا۔ نئے فارمیٹ میں اہم معلومات کو نمایاں انداز میں پیش کیا گیا ہے جس سے بل کی مکمل صورتحال فوری طور پر سمجھنا ممکن ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں:امریکا میں ایک اور طیارہ گر کر تباہ ہوگیا
جدید سہولت کے تحت نئے بجلی بلوں میں کیو آر کوڈ بھی شامل کیا گیا، جس کی مدد سے صارفین اضافی معلومات، آن لائن خدمات اور دیگر ڈیجیٹل سہولیات تک فوری رسائی حاصل کر سکیں گے۔
پاور ڈویژن کا کہنا ہے کہ بجلی کے شعبے میں اصلاحات، شفافیت اور صارف دوست اقدامات کا سلسلہ جاری رہے گا تاکہ عوام کو مزید بہتر خدمات فراہم کی جا سکیں