پاسپورٹ بنوانا اور تجدید کرانا مزید آسان
تفصیلات کے مطابق ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹس محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں پاسپورٹ سروسز کی ڈیجیٹلائزیشن سے متعلق منصوبوں اور پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس پاسپورٹ اینڈ امیگریشن ہیڈ کوارٹرز میں منعقد ہوا جس میں نادرا کے اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔
اجلاس کے دوران ملک بھر کے نادرا مراکز میں پاسپورٹ کاؤنٹرز قائم کرنے کی تجویز پر غور کیا گیا تاکہ شہریوں کو ایک ہی جگہ پر متعدد سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ حکام کے مطابق اس اقدام سے عوام کو دفاتر کے چکر لگانے کی ضرورت کم ہو جائے گی اور وقت کی بچت بھی ممکن ہوگی۔
اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ پاسپورٹ موبائل ایپ کی ڈیولپمنٹ پر تیزی سے کام جاری ہے، ایپ متعارف ہونے کے بعد شہری اپنے موبائل فون کے ذریعے پاسپورٹ کی تجدید، نئی درخواستوں کی آن لائن جمع آوری اور درخواستوں کی پراسیسنگ جیسے مراحل مکمل کر سکیں گے۔
علاوہ ازیں شہریوں کو مزید سہولت فراہم کرنے کیلئے ہوم ڈیلیوری سروس کے دائرہ کار کو وسیع کرنے پر بھی غور کیا گیا ہے، تاکہ پاسپورٹ براہ راست درخواست گزار کے گھر تک پہنچایا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں:بینظیر سم لینے کی آخری تاریخ کیا ہے؟ جانیے
ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹس نے تمام منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے پاسپورٹ سروسز میں شفافیت، رفتار اور سہولت میں نمایاں اضافہ ہوگا۔