بینظیر سم لینے کی آخری تاریخ کیا ہے؟ جانیے
متعلقہ حکام کی جانب سے بینظیر سم حاصل کرنے کی آخری تاریخ 30 جون 2026 مقرر کی گئی ہے، جس کے بعد اس سہولت سے فائدہ اٹھانے کا موقع دستیاب نہیں ہوگا۔
بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی انتظامیہ نے مستحق خواتین کو ہدایت کی ہے کہ اگر انہوں نے پہلے ہی بینظیر سم حاصل کر لی ہے تو وہ اپنے متعلقہ بینک کے قریبی ریٹیلر کے پاس جا کر بائیو میٹرک تصدیق مکمل کروائیں اور اپنا ڈیجیٹل والٹ فعال بنائیں۔
ڈیجیٹل والٹ کے فعال ہونے کے بعد مالی امداد اور دیگر ادائیگیاں براہِ راست اسی نظام کے ذریعے وصول کی جا سکیں گی۔
دوسری جانب جن خواتین نے ابھی تک بینظیر سم حاصل نہیں کی، انہیں مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اپنا شناختی کارڈ اور زیر استعمال موبائل فون ساتھ لے کر قریبی بینظیر انکم سپورٹ پروگرام دفتر سے رجوع کریں۔
حکام کے مطابق سم حاصل کرنے کے تقریباً تین دن بعد متعلقہ بینک کے ریٹیلر کے ذریعے ڈیجیٹل والٹ بھی فعال کروانا ضروری ہوگا۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مستقبل میں تمام مالی معاونت، وظائف اور دیگر ادائیگیاں صرف ڈیجیٹل والٹ کے ذریعے منتقل کی جائیں گی، جس سے رقم کی وصولی کا عمل زیادہ آسان، محفوظ اور شفاف بنایا جا سکے گا۔
یہ بھی پڑھیں:ایک ساتھ 4 چھٹیاں، سرکاری ملازمین کےلئے اچھی خبر آگئی
بینظیر انکم سپورٹ پروگرام نے تمام مستحق خواتین سے اپیل کی ہے کہ وہ مقررہ تاریخ سے قبل ضروری مراحل مکمل کریں تاکہ آئندہ کسی قسم کی دشواری یا ادائیگیوں میں رکاوٹ کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ مزید معلومات کیلئے ہیلپ لائن 080026477 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔