گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیشگوئی

Thunderstorm Alert Pakistan
فائل فوٹو
Updated | Published June, 10 2026 |
اسلام آباد:(ویب ڈیسک) محکمہ موسمیات نے ملک کے بالائی علاقوں میں 11 سے 13 جون کے دوران آندھی، تیز ہواؤں، گرج چمک کے ساتھ بارشوں اور بعض مقامات پر ژالہ باری کی پیشگوئی کرتے ہوئے الرٹ جاری کر دیا۔

پی ڈی ایم اے پنجاب نے بھی ممکنہ خراب موسمی صورتحال کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 11 جون کی شام یا رات سے مغربی ہواؤں کا ایک طاقتور سلسلہ ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہوگا جو 13 جون تک مختلف علاقوں کو متاثر کرے گا۔

اس موسمی نظام کے باعث پنجاب، خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور بلوچستان کے متعدد اضلاع میں بارش، آندھی اور گرج چمک کا امکان ہے۔

پیشگوئی کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، مری اور گلیات میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ اسی طرح اٹک، چکوال، جہلم، میانوالی، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، گجرات اور گوجرانوالہ میں بھی آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

لاہور، سیالکوٹ، نارووال، شیخوپورہ، فیصل آباد، جھنگ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ سمیت وسطی پنجاب کے مختلف اضلاع بھی اس موسمی سلسلے کی لپیٹ میں آسکتے ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سرگودھا، خوشاب، بھکر، لیہ، ملتان، ڈیرہ غازی خان، بہاولپور اور بہاولنگر میں بھی بارش اور تیز ہواؤں کی توقع ہے۔

خیبر پختونخوا میں دیر، سوات، چترال، شانگلہ، بونیر، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور ہری پور میں بارشوں کا امکان ہے، جبکہ پشاور، مردان، صوابی، نوشہرہ، کوہاٹ، کرک اور وزیرستان کے مختلف علاقوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ کرم، خیبر، باجوڑ، مہمند اور اورکزئی کے اضلاع میں بھی موسم کی شدت بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

آزاد کشمیر کے علاقوں مظفر آباد، نیلم ویلی، راولاکوٹ، باغ، حویلی، پونچھ اور میرپور میں تیز ہواؤں اور بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

دوسری جانب گلگت بلتستان کے اضلاع گلگت، اسکردو، دیامر، استور، غذر اور ہنزہ میں بارش کے ساتھ چند مقامات پر ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔

بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ سمیت ژوب، زیارت، بارکھان، موسیٰ خیل، لورالائی اور خضدار میں بھی آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارشوں کے باعث نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ جبکہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ پیدا ہو سکتا ہے، جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا اندیشہ ہے۔

ادارے نے کاشتکاروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ موسمی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی زرعی سرگرمیاں ترتیب دیں، جبکہ سیاحوں اور مسافروں کو خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

علاوہ ازیں شہریوں کو تنبیہ کی گئی ہے کہ آندھی اور گرج چمک کے دوران کمزور عمارتوں، درختوں اور بجلی کے کھمبوں سے دور رہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ حادثے سے محفوظ رہا جا سکے۔

کرنسی، دھاتوں اور پیٹرولیم مصنوعات کے نرخ
Currency → PKR
Date Pair Rate
2026-06-09 USD to PKR 278.18
2026-06-09 EUR to PKR 321.90
2026-06-09 GBP to PKR 372.48
Current Metals
Date Metal Unit Price
2026-06-10 Silver (XAG) 1 Ounce 18,907.14
2026-06-10 Gold (XAU) 1 Ounce 1,202,989.46
2026-06-10 Platinum (XPT) 1 Ounce 488,491.59
Current Petrol
Date Fuel Type Price
2026-06-10 Petrol (Super) 377.78
2026-06-10 High Octane (HOBC) 445.00
2026-06-10 High-Speed Diesel (HSD) 380.78
ضرور پڑھیں