پاک فوج کا ہیلی کاپٹر فنی خرابی کے باعث گرکر تباہ، تمام اہلکار شہید
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستان آرمی ایوی ایشن کا ایم آئی-17 ہیلی کاپٹر آج مظفرآباد کے قریب ٹیک آف کے دوران فنی خرابی کا شکار ہو کر گر کر تباہ ہو گیا۔ حادثہ اس قدر شدید تھا کہ ہیلی کاپٹر میں موجود تمام اہلکاروں نے جامِ شہادت نوش کیا اور کوئی بھی فرد زندہ نہ بچ سکا۔
یہ بھی پڑھیں: سکیورٹی فورسز کا آپریشن، 14 دہشتگرد ہلاک، حوالدار شہید
آئی ایس پی آر کے مطابق حادثے کے فوری بعد ریسکیو اور ریکوری ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں۔ ہیلی کاپٹر حادثے کی اصل تکنیکی وجوہات جاننے کے لیے بورڈ آف انکوائری تشکیل دے کر تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے۔
آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے تمام افسران اور جوان شہداء کے اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
پاک فوج کی جانب سے شہداء کے لواحقین سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے درجات کی بلندی اور اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی گئی ہے۔