وزیراعظم کی چوہدری نثار کی رہائش گاہ آمد، خوشدامن کے انتقال پر اظہار افسوس
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے مرحومہ کے لیے دعائے مغفرت اور اہل خانہ کے لیے صبر و استقامت کی دعا بھی کی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے چوہدری نثار علی خان کی عیادت بھی کی اور ان کے ساتھ تعزیتی گفتگو کی۔
ملاقات میں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ بھی موجود تھے۔
یہ بھی پڑھیں: سیاسی مقاصد کیلئے بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام بارے پروپیگنڈا پھیلایا جا رہا ہے: روبینہ خالد
یاد رہے کچھ روز قبل سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے سابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی خوش دامن کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
تعزیتی پیغام میں سپیکر سردار ایاز صادق نے چوہدری نثار علی خان اور ان کے خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحومہ کا انتقال خاندان کے لیے ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔ انہوں نے کہا کہ خاندان کے بزرگ کا سایہ سر سے اٹھ جانا اہلِ خانہ کے لیے ایک گہرا اور ناقابلِ فراموش صدمہ ہوتا ہے۔
سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ وہ دکھ کی اس گھڑی میں چوہدری نثار علی خان اور ان کے اہلِ خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کے اہلِ خانہ کو یہ صدمہ صبر و استقامت کے ساتھ برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔
سردار ایاز صادق نے اللہ تعالیٰ سے مرحومہ کی مغفرت، بلندی درجات اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام کی دعا بھی کی۔