سیاسی مقاصد کیلئے بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام بارے پروپیگنڈا پھیلایا جا رہا ہے: روبینہ خالد

چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام روبینہ خالد
چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام روبینہ خالد نے بی آئی ایس پی ہیڈکوارٹرز میں پریس کانفرنس کی/ فائل فوٹو
Updated | Published June, 8 2026 |
اسلام آباد (سنو نیوز) چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام روبینہ خالد نے کہا ہے کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام دنیا کے بڑے اور کامیاب سماجی تحفظ کے پروگراموں میں شمار ہوتا ہے، سیاسی مقاصد کے لیے بی آئی ایس پی کے بارے میں غلط معلومات اور منفی پروپیگنڈا پھیلایا جا رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام روبینہ خالد نے بی آئی ایس پی ہیڈکوارٹرز میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام دنیا کے بڑے اور کامیاب سماجی تحفظ کے پروگراموں میں شمار ہوتا ہے، متعدد ممالک بی آئی ایس پی ماڈل کا مطالعہ کر کے اپنے ممالک میں نافذ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

روبینہ خالد کا کہنا تھا کہ سیاسی مقاصد کے لیے بی آئی ایس پی کے بارے میں غلط معلومات اور منفی پروپیگنڈا پھیلایا جا رہا ہے، بی آئی ایس پی شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے وژن اور عوامی خدمت کے فلسفے کا عملی اظہار ہے، صدر آصف علی زرداری کے دور میں پروگرام کو مؤثر انداز میں وسعت دی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت نے گرمیوں کی چھٹیوں میں اضافہ کردیا

انہوں نے کہا کہ ایک کروڑ سے زائد مستحق خاندان اس وقت بی آئی ایس پی سے مستفید ہو رہے ہیں، کسی ادارے میں خامیاں ہوں تو اصلاح کی جاتی ہے، ادارے بند کرنے کی بات نہیں کی جاتی، بی آئی ایس پی لوگوں کو بھکاری نہیں بناتا بلکہ عزتِ نفس کے ساتھ زندگی گزارنے میں مدد دیتا ہے، مستحق افراد کام کرتے ہیں مگر محدود آمدن کے باعث ریاستی معاونت کے حقدار ہوتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بی آئی ایس پی سفید پوش اور کم آمدن والے طبقات کو دوسروں کے سامنے ہاتھ پھیلانے سے بچاتا ہے، پروگرام میں بہتری کی گنجائش موجود ہے، تعمیری تجاویز کا خیرمقدم کریں گے، بی آئی ایس پی پر تنقید حقائق اور اعداد و شمار کی بنیاد پر ہونی چاہیے، تضحیک آمیز زبان سے گریز کیا جائے، محترمہ بینظیر بھٹو صرف ایک سیاسی شخصیت نہیں بلکہ خواتین کی طاقت، جرات اور جدوجہد کی علامت ہیں۔