حکومت نے گرمیوں کی چھٹیوں میں اضافہ کردیا

Summer Vacations Extended
فائل فوٹو
Updated 10 گھنٹے قبل | Published June, 8 2026 |
حیدرآباد دکن:(ویب ڈیسک) گرمیوں کی تعطیلات سے لطف اندوز ہونے والے طلبا کیلئے خوشخبری آگئی، حکومتِ تلنگانہ نے ریاست بھر میں اسکولوں کے دوبارہ آغاز کی تاریخ مؤخر کرنے کا اعلان کر دیا۔

حکومتی اعلامیے کے مطابق پہلے تمام سرکاری اور نجی اسکول 12 جون سے کھولنے کا فیصلہ کیا گیا تھا، تاہم انتظامی وجوہات اور مسلسل تعطیلات کے پیشِ نظر نئی تاریخ 15 جون مقرر کر دی گئی ہے۔ اس فیصلے کے بعد طلبا اور والدین کو تعلیمی سرگرمیوں کے آغاز سے قبل اضافی وقت مل جائے گا۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ 13 جون کو مہینے کا دوسرا ہفتہ وار تعطیل کا دن ہے جبکہ 14 جون اتوار ہونے کی وجہ سے مسلسل دو تعطیلات آ رہی تھیں۔ اسی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے اسکولوں کے دوبارہ آغاز کو 15 جون تک مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

محکمہ تعلیم کی جانب سے واضح کیا گیا کہ تعلیمی کیلنڈر کو متوازن رکھنے کیلئے 13 جون کی تعطیل کے بدلے 11 جولائی، جو کہ دوسرا ہفتہ وار تعطیل کا دن ہوگا، ورکنگ ڈے قرار دیا جائے گا۔ اس روز تمام تعلیمی ادارے معمول کے مطابق کھلے رہیں گے اور تدریسی سرگرمیاں جاری رکھی جائیں گی۔

یہ بھی پڑھیں:کویت ایئرپورٹ پر ڈرون حملے کی ویڈیو جاری

تعلیمی ماہرین کا کہنا ہے کہ فیصلے سے طلبا کو گرمی کی شدت کے دوران مزید آرام کا موقع ملے گا، جبکہ والدین بھی نئے تعلیمی سیشن کی تیاری بہتر انداز میں کر سکیں گے۔

دوسری جانب طلبا میں اضافی چھٹیوں کی خبر سن کر خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے اور سوشل میڈیا پر بھی اس فیصلے کو بھرپور پذیرائی مل رہی ہے۔