پاکستانی حجاج نے حج پر کتنی رقم خرچ کی؟ اعداد و شمار سامنے آگئے

Pakistan Hajj 2026 Cost
فائل فوٹو
Updated | Published June, 7 2026 |
اسلام آباد:(ویب ڈیسک) رواں سال سرکاری حج اسکیم کے تحت فریضۂ حج ادا کرنے والے پاکستانیوں کے اخراجات کی تفصیلات سامنے آگئیں۔

جاری کردہ اعداد و شمارکے مطابق ایک لاکھ 19 ہزار 210 سرکاری حجاج نے مجموعی طور پر تقریباً 139 ارب 16 کروڑ روپے خرچ کیے۔

دستاویزات کے مطابق سرکاری حج اسکیم میں شامل 77 ہزار 743 عازمین نے 40 سے 45 روزہ لانگ حج پروگرام کا انتخاب کیا۔ اس پروگرام کے تحت فی حاجی تقریباً 11 لاکھ 50 ہزار روپے ادا کیے گئے جبکہ مجموعی اخراجات 89 ارب 40 کروڑ روپے تک پہنچ گئے۔

دوسری جانب 41 ہزار 467 پاکستانیوں نے 20 سے 22 روزہ شارٹ حج پروگرام کے ذریعے حج کی سعادت حاصل کی، یہ تعداد مجموعی سرکاری حج کوٹے کا تقریباً 34.8 فیصد بنتی ہے۔

شارٹ حج پروگرام کے تحت ہر حاجی نے تقریباً 12 لاکھ روپے ادا کیے، جس سے مجموعی اخراجات 49 ارب 76 کروڑ روپے ریکارڈ کیے گئے۔

اعداد و شمار کے مطابق سرکاری حج اسکیم کے تحت 50 ہزار 114 خواتین اور 65 ہزار 182 مردوں نے فریضۂ حج ادا کیا۔ لانگ حج پروگرام کے حجاج نے پہلی قسط میں 5 لاکھ روپے اور دوسری قسط میں 6 لاکھ 50 ہزار روپے جمع کرائے، جبکہ شارٹ حج پروگرام کے شرکا نے پہلی قسط کی مد میں 5 لاکھ 50 ہزار روپے اور دوسری قسط میں 6 لاکھ 50 ہزار روپے ادا کیے۔

حجاج کو رہائش کے حوالے سے اضافی سہولیات بھی فراہم کی گئیں، دو بیڈ والے علیحدہ کمرے کے خواہش مند عازمین سے فی کس 2 لاکھ روپے اضافی وصول کیے گئے، جبکہ تین بیڈ والے علیحدہ کمرے کے انتخاب پر 67 ہزار روپے اضافی ادا کرنا پڑے۔

یہ بھی پڑھیں:فلیٹ مالکان کیلئے حکومت کا بڑی سولر اسکیم لانے کا اعلان

واضح رہے کہ 139 ارب 16 کروڑ روپے کے یہ اخراجات صرف سرکاری حج اسکیم سے متعلق ہیں، پرائیویٹ حج اسکیم اس میں شامل نہیں، جس کے تحت تقریباً 60 ہزار پاکستانیوں نے حج ادا کیا اور مختلف حج پیکجز کی قیمت 12 لاکھ روپے سے لے کر 40 لاکھ روپے تک رہی۔