گلگت بلتستان میں کس جماعت کی حکمرانی ہوگی؟ فیصلہ کل ہوگا

الیکشن کمیشن آف گلگت بلتستان
تمام امیدواروں کے لیے 5 جون کی رات 12 بجے انتخابی مہم ختم ہوگئی/ فائل فوٹو
Updated 14 گھنٹے قبل | Published June, 6 2026 |
گلگت: (ویب ڈیسک) گلگت بلتستان میں کس جماعت کی حکمرانی ہوگی؟ فیصلہ کل ہونے جا رہا ہے۔ 24 نشستوں پر 8 خواتین سمیت 400 سے زائد امیدوار میدان میں ہیں۔

پولنگ صبح 8 سے شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔ پولنگ کا عملہ اور سامان آج تمام اسٹیشنز پر پہنچایا جائے گا۔ سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

الیکشن کمیشن آف گلگت بلتستان کی ہدایات کے مطابق تمام امیدواروں کے لیے 5 جون کی رات 12 بجے انتخابی مہم ختم ہوگئی ہے، جس کے بعد 7 جون کو خطے کے مستقبل کا فیصلہ کرنے کے لیے پولنگ ہو گی۔

یہ بھی پڑھیں: گلگت بلتستان، ن لیگ کی ریلی میں فائرنگ، 2 افراد جاں بحق

الیکشن کمیشن گلگت بلتستان کی حتمی ووٹر فہرستوں کے مطابق خطے کے 10 اضلاع میں مجموعی ووٹرز کی تعداد 9 لاکھ 63 ہزار 34 ہے جن میں 5 لاکھ 6 ہزار 97 مرد اور 4 لاکھ 56 ہزار 937 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔ ان ووٹرز کے لیے مجموعی طور پر 24 انتخابی حلقے قائم کیے گئے ہیں۔

گلگت بلتستان اسمبلی کل 33 نشستوں پر مشتمل ہے جن میں 24 براہ راست منتخب ارکان کے علاوہ 6 نشستیں خواتین اور 3 نشستیں ٹیکنوکریٹس کے لیے مختص ہیں۔

دیامر اور سکردو سیاسی طور پر انتہائی اہم ہیں اور ان میں سے ہر ایک ضلعے میں سب سے زیادہ یعنی 4، 4 انتخابی حلقے ہیں۔ گلگت، غذر اور گانچھے میں 3، 3 انتخابی حلقے قائم کیے گئے ہیں۔ نگر اور استور کے حصے میں 2، 2 انتخابی حلقے آئے ہیں۔ ہنزہ، شگر اور کھرمنگ چھوٹے اضلاع ہیں اور ان میں سے ہر ایک ضلعے میں 1، 1 انتخابی حلقہ موجود ہے۔