گلگت بلتستان: ن لیگ کی ریلی میں فائرنگ، 2 افراد جاں بحق

مسلم لیگ ن
گلگت بلتستان میں انتخابی مہم کے دوران افسوسناک واقعہ پیش آیا/ فائل فوٹو
Updated | Published June, 6 2026 |
گلگت: (ویب ڈیسک) گلگت بلتستان میں انتخابی مہم کے دوران افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں مسلم لیگ ن کی ریلی میں ہوائی فائرنگ کے دوران گولیاں لگنے سے 2 افراد جاں بحق ہو گئے۔

رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ جی بی اے 18 دیامر 4 میں پیش آیا، جہاں انتخابی سرگرمیوں کے سلسلے میں مسلم لیگ ن کی ریلی نکالی جا رہی تھی۔ ریلی میں کارکنوں اور شہریوں کی بڑی تعداد شریک تھی، اسی دوران ایک شخص کی جانب سے ہوائی فائرنگ کی گئی۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق ہوائی فائرنگ کرنے والے شخص کا بندوق پر کنٹرول نہ رہا، جس کے باعث فائرنگ کا رخ ریلی کے شرکا کی جانب ہو گیا۔ گولیاں لگنے سے 2 افراد شدید زخمی ہوئے اور موقع پر ہی دم توڑ گئے۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت کا چھوٹے دکانداروں کے لیے فکسڈ ٹیکس سکیم کا اعلان

واقعے کے بعد ریلی میں بھگدڑ مچ گئی اور علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ مقامی افراد اور کارکنوں نے زخمی افراد کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کرنے کی کوشش کی تاہم دونوں افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔

افسوسناک واقعے کے بعد پولیس اور مقامی انتظامیہ موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کر دیں۔ پولیس حکام کے مطابق فائرنگ کرنے والے شخص کی شناخت اور واقعے کی وجوہات سے متعلق معلومات اکٹھی کی جا رہی ہیں۔

جی بی اے 18 دیامر 4 میں انتخابی مقابلہ خاص اہمیت اختیار کر چکا ہے، اس حلقے میں آئی پی پی سے سابق وزیر اعلیٰ حاجی گلبر خان اور مسلم لیگ ن کے امیدوار ملک کفایت اللہ آمنے سامنے ہیں۔ واقعے کے بعد حلقے میں انتخابی ماحول سوگوار ہو گیا ہے۔
انتظامیہ نے شہریوں اور سیاسی کارکنوں سے اپیل کی ہے کہ انتخابی مہم کے دوران امن و امان برقرار رکھیں اور کسی بھی قسم کی ہوائی فائرنگ یا اسلحے کی نمائش سے گریز کریں۔