حکومت کا چھوٹے دکانداروں کے لیے فکسڈ ٹیکس سکیم کا اعلان
وزیر مملکت خزانہ بلال اظہر کیانی نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ حکومت نے نئے بجٹ سے پہلے لاکھوں تاجروں کیلئے فکسڈ اسکیم کا فیصلہ کیا ہے، رجسٹریشن نہ کرانے والے تاجروں کو بھاری جرمانے کا سامنا کرنا پڑے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ نان فائلر تاجروں کو پہلے ماہ 10 ہزار، دوسرے ماہ 25 ہزار روپے جرمانہ ہو گا، مستقل رجسٹریشن نہ کرانے کی صورت میں ماہانہ 50 ہزار جرمانے عائد کیا جائے گا۔
وزیر مملکت برائے خزانہ نے کہا کہ سہولت سے فائدہ اٹھانے والے چھوٹے تاجروں کا آڈٹ نہیں ہو گا، رجسٹرڈ چھوٹے تاجروں کو پی او ایس سسٹم نصب نہیں کرنا پڑے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ سالانہ 20 کروڑ روپے یا کم سیل پر ایک فیصد فکسڈ ٹیکس ادا کرنا ہو گا، 20 کروڑ ٹرن اوور پر 25 ہزار روپے ٹیکس لاگو ہو گا، رجسٹرڈ دکاندار کی دکان میں ایف بی آر کا کوئی افسر داخل نہیں ہو سکے گا۔
یہ بھی پڑھیں: حکومت کا بی آئی ایس پی کے حوالے سے ایک اور اہم فیصلہ
بلال اظہر کیانی نے کہا کہ اسکیم میں شامل دکانداروں کو عمومی آڈٹ سے استثنا حاصل ہوگا، جبکہ کسی خصوصی آڈٹ سے قبل تاجر تنظیموں سے مشاورت کی جائے گی، آڈٹ معاملات کے لیے ایک باقاعدہ کمیٹی بھی قائم کی جائے گی۔
وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ ملک میں 30 سے 40 لاکھ چھوٹے دکاندار موجود ہیں اور انہیں ٹیکس نیٹ میں لانا ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا، تاجروں کے ساتھ مل کر اس اسکیم کو کامیاب بنایا جائے گا۔