عید کے 3 روز تک شدید ہیٹ ویو کا خطرہ، الرٹ جاری
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق عید کی تعطیلات کے دوران پنجاب کے بیشتر اضلاع میں شدید گرمی کی لہر کا امکان ہے اور درجہ حرارت معمول سے 4 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ تک زیادہ رہنے کی توقع کی جا رہی ہے۔
لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، فیصل آباد، سیالکوٹ اور دیگر اضلاع میں درجہ حرارت 42 ڈگری تک جا سکتا ہے، جبکہ ملتان، ڈیرہ غازی خان، بہاولپور، رحیم یار خان، سرگودھا اور جھنگ سمیت دیگر اضلاع میں پارہ 50 ڈگری تک پہنچنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے پنجاب کا کہنا ہے کہ ہیٹ ویو کے دوران رات کے وقت بھی گرمی کی شدت برقرار رہنے کا امکان ہے،شہریوں سے گزارش ہے کہ ہیٹ ویو کی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں،صبح 10 بجے سے شام 5 بجے تک شدید دھوپ میں غیر ضروری سفر اور باہر نکلنے سے گریز کریں،گرمی سے بچنے کیلئے زیادہ سے زیادہ پانی اور مشروبات کا استعمال کریں ۔
باہر نکلتے وقت ہلکے رنگ کے سوتی اور ہوا دار کپڑے پہنیں، سر کو ڈھانپنے کیلئے ٹوپی یا چھتری کا استعمال کریں، شدید گرمی کے اوقات میں بچوں اور بزرگوں کو لازمی طور پر گھروں کے اندر رکھنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
سفر کرنے والے افراد کو گاڑی کے ٹائروں کے پریشر اور ریڈی ایٹر میں پانی کی سطح چیک کرنے کا مشورہ دیا ہے جبکہ پانی کی ممکنہ قلت کے پیش نظر شہریوں سے پانی احتیاط سے استعمال کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:کراچی میں عیدالاضحی کی نماز ادا کر دی گئی
پی ڈی ایم اے پنجاب نےعیدالاضحیٰ کے موقع پر جانوروں کی دیکھ بھال سے متعلق کہا گیا ہے کہ بے زبان پرندوں اور جانوروں کیلئے پانی کے برتن رکھے جائیں، مویشیوں کو وقفے وقفے سے پانی پلایا جائے اور ان پر پانی کا چھڑکاؤ کیا جائے تاکہ انہیں گرمی سے بچایا جا سکے۔
ہیٹ ویو سے متعلق معلومات یا ہنگامی مدد کیلئے شہری پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 سے رابطہ کر سکتے ہیں۔