کراچی میں عیدالاضحی کی نماز ادا کر دی گئی

Bohra Community Eid ul Adha
فائل فوٹو
Updated 10 گھنٹے قبل | Published May, 26 2026 |
کراچی:(ویب ڈیسک) ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی بوہرہ برادری آج عیدالاضحی مذہبی جوش و جذبے، عقیدت اور احترام کے ساتھ منا رہی ہے۔

اس موقع پر شہر کے مختلف علاقوں میں عید کی خصوصی تقریبات اور اجتماعات منعقد کیے گئے، جبکہ مرکزی اجتماع طاہری مسجد صدر میں ہوا جہاں بڑی تعداد میں افراد نے نمازِ عید ادا کی۔

نمازِ عید کے بعد ملک میں امن، سلامتی، استحکام اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں، شرکا نے پاکستان کی ترقی، اتحاد اور عالمی امن کیلئے بھی دعا کی۔ عید کے موقع پر بوہرہ برادری کے افراد نے ایک دوسرے کو مبارکباد دی اور مذہبی روایات کے مطابق خوشیوں کا اظہار کیا۔

بوہرہ برادری کے مطابق سنتِ ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے قربانی کے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں اور عیدالاضحی کے تینوں دن قربانی کا سلسلہ جاری رہے گا۔ مختلف علاقوں میں اجتماعی قربانی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ مذہبی فریضہ آسانی اور نظم و ضبط کے ساتھ ادا کیا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں:بس اڈوں پر زیادہ کرایہ مانگنے والوں کیخلاف اس نمبر پر شکایت کریں

عیدالاضحی مسلمانوں کیلئے ایثار، قربانی اور بھائی چارے کا پیغام لے کر آتی ہے، بوہرہ برادری بھی انہی اقدار کو فروغ دیتے ہوئے مذہبی روایات کے مطابق عید منا رہی ہے۔ گھروں، مساجد اور کمیونٹی مراکز میں روحانی ماحول دیکھنے میں آ رہا ہے جبکہ فلاحی سرگرمیوں اور مستحق افراد کی مدد پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔