فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سرکاری دورے پر ایران پہنچ گئے
تہران پہنچنے پرایرانی وزیر داخلہ سکندر مومنی نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا استقبال کیا، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر دورہ ایران کے دوران اہم اعلیٰ ایرانی شخصیات سے ملاقات کریں گے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ فیلڈ مارشل ایران امریکا مذاکرات اور دیگر اہم امور پر بات چیت کریں گے۔
امریکا اور ایران کے تنازع کے حل کے لیے پاکستان کی جانب سے ثالثی کی کوششیں جاری ہیں، وزیر داخلہ محسن نقوی نے گزشتہ چند روز کے دوران متعدد بار تہران میں ایران کی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کی ہیں۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے آج بھی دورۂ ایران کے دوران ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران محسن نقوی اور عباس عراقچی نے اہم امور پر تبادلۂ خیال کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کی ثالثی میں ایران، امریکا مذاکرات جاری ہیں، بقائی
ایرانی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق دورانِ ملاقات محسن نقوی نے ایران امریکا جنگ کے خاتمے کے لیے مسودوں پر تفصیلی بات چیت بھی کی تھی۔
دوسری جانب برطانوی خبر ایجنسی رائٹرز کے مطابق قطر نے بھی مذاکراتی ٹیم تہران روانہ کر دی، قطر نے امریکا کے تعاون سے مذاکراتی ٹیم تہران بھیجی، مذاکراتی ٹیم ایران جنگ کے خاتمے کیلئے ممکنہ معاہدے پر کام کرے گی۔
باخبر ذرائع کے مطابق قطر کشیدگی کم کرنے کیلئے سفارتی کوششوں میں مصروف ہے، ایران امریکہ جنگ کے خاتمے کیلئے علاقائی و عالمی سطح پر سفارتی رابطے تیز ہو چکے ہیں۔