عیدالاضحیٰ پر موسم کیسا رہےگا؟ اہم پیشگوئی جاری
ماہرینِ موسمیات کا کہنا ہے کہ فی الحال نہ ہیٹ ویو کا کوئی خطرہ ہے اور نہ ہی بحیرہ عرب میں کسی سائیکلونک سرگرمی کے آثار موجود ہیں، تاہم موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔
ماہر موسمیات عائشہ کنول کے مطابق اس وقت شہر پر کسی ویسٹرن سسٹم کے اثرات بھی متوقع نہیں ہیں، جس کے باعث عید کے دنوں میں موسم مجموعی طور پر معمول کے مطابق گرم اور حبس زدہ رہے گا۔
انہوں نے بتایا کہ عید کے دوران درجہ حرارت 24 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے، تاہم ہوا میں نمی کے تناسب میں اضافہ یا کمی کے باعث گرمی کی شدت زیادہ محسوس ہو سکتی ہے۔
کراچی میں اس دوران موسم کی کیفیت زیادہ تر خشک اور مرطوب رہے گی، جس سے شہریوں کو گرمی کے ساتھ ساتھ گھٹن کا بھی سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، اسی وجہ سے شہریوں کو غیر ضروری طور پر دھوپ میں زیادہ وقت گزارنے سے گریز کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
عائشہ کنول نے مزید کہا کہ اگرچہ فی الحال ہیٹ ویو کا کوئی امکان نہیں، تاہم موسم کی عمومی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ضروری ہے۔
یہ بھی پڑھیں:آٹے کے بعد روٹی بھی مہنگی،شہری شدید پریشان
انہوں نے شہریوں کو ہدایت کی کہ کھلے مقامات پر جانے والے افراد پانی کا زیادہ استعمال کریں، ہلکے اور آرام دہ کپڑے پہنیں اور خود کو دھوپ اور گرمی سے محفوظ رکھیں۔