آٹے کے بعد روٹی بھی مہنگی،شہری شدید پریشان
رپورٹس کے مطابق لاہور میں روٹی کی قیمت 17 روپے سے بڑھ کر 20 روپے تک پہنچ گئی، جبکہ گندم کی قیمت اوپن ہونے کے بعد فی من آٹے کی قیمت میں تقریباً 800 روپے تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اس اضافے کے اثرات براہِ راست صارفین تک پہنچ رہے ہیں اور گھریلو بجٹ پر اضافی بوجھ پڑ رہا ہے۔
شہریوں نے روٹی کی قیمتوں میں اضافے پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ معاشی حالات میں پہلے ہی گھریلو اخراجات پورے کرنا مشکل ہو چکا ہے، جبکہ بنیادی غذائی ضروریات کی قیمتیں مسلسل بڑھنے سے مشکلات مزید بڑھ رہی ہیں۔
دیہاڑی دار مزدوروں کا کہنا ہے کہ ایک طرف روزگار کے مواقع محدود ہو رہے ہیں اور دوسری طرف کھانے پینے کی بنیادی اشیا مہنگی ہوتی جا رہی ہیں، موجودہ صورتحال میں کئی خاندانوں کیلئے دو وقت کی روٹی کا انتظام بھی بڑا چیلنج بنتا جا رہا ہے۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ مہنگائی کے دباؤ کو مزید بڑھا سکتا ہے، جس کے اثرات خاص طور پر کم آمدن والے طبقے پر زیادہ پڑتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی
شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ آٹے اور روٹی سمیت بنیادی ضروریات کی قیمتوں پر قابو پانے کیلئے فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کو کچھ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔