عمران خان کی ہسپتال منتقلی کیلئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر
سپریم کورٹ میں درخواست ایڈووکیٹ عزیر بھنڈاری کی وساطت سے دائر کی گئی جس میں اسلام آباد ہائیکورٹ کا رواں سال 12 مارچ کا فیصلہ کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ سابق وزیراعظم عمران خان کی ہسپتال منتقلی میڈیکل بورڈ کی تشکیل اور رپورٹ سے مشروط کرنے سے متعلق ہے۔
عدالت عظمیٰ میں دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کا فوری میڈیکل چیک اپ کرایا جائے اور ان کا معائنہ ان کے ذاتی معالجین ڈاکٹر خرم مرزا، ڈاکٹر عاصم یوسف، ڈاکٹر فیصل سلطان اور ڈاکٹر ثمنیہ نیازی سے کرایا جائے۔
درخواست میں سپریم کورٹ سے استدعا کی گئی ہےکہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو فوری طور پر شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کیا جائے تاکہ ان کا مکمل طبی معائنہ اور علاج ممکن بنایا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان کا ایکس اکاؤنٹ بند کرنے کا کیس سماعت کیلئے مقرر
درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ علاج کے دوران عمران خان کے اہلخانہ، وکلا اور ذاتی معالجین کو ان سے ملاقات کی اجازت دی جائے جبکہ سابق وزیراعظم کی صحت اور علاج سے متعلق بروقت معلومات فراہم کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔
عدالت عظمیٰ میں دائر کی گئی درخواست میں عمران خان کی مکمل طبی رپورٹس ، آنکھ سے متعلق رپورٹس اور بلڈ رپورٹس فراہم کرنے کی بھی استدعا کی گئی ہے۔