عمران خان کا ایکس اکاؤنٹ بند کرنے کا کیس سماعت کیلئے مقرر
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس ارباب محمد طاہر کل درخواست پر سماعت کریں گے، اڈیالہ جیل حکام کی جانب سے جواب پہلے ہی عدالت میں جمع کروایا جا چکا ہے جبکہ عدالت نے دیگر فریقین کو بھی جواب جمع کروانے کی ہدایت کر رکھی ہے۔
سلمان اکرم راجہ عمران خان کی جانب سے ایکس اکاؤنٹ بند کرنے سے متعلق کیس کی پیروی کر رہے ہیں، عدالت نے کیس کی مشاورت کیلیے ان کو بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت دی تھی لیکن عدالتی حکم کے باوجود ان کی سابق وزیر اعظم سے ملاقات نہیں ہو سکی تھی۔
یاد رہے کہ رواں برس فروری میں اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی کا ایکس اکاؤنٹ بند کرنے کی درخواست پر حتمی دلائل طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت مئی کے پہلے ہفتے تک ملتوی کی تھی۔
دورانِ سماعت درخواست گزار کے وکیل ظفر اللہ اور عمران خان کے وکیل علی بخاری عدالت پیش ہوئے تھے۔
وکیل علی بخاری نے عدالت کو بتایا تھا کہ سلمان اکرم راجہ طبیعت ناسازی کے باعث آج عدالت پیش نہیں ہو سکے، عدالت نے عمران خان سے ملاقات نہ کروانے کا جیل حکام سے پوچھا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: ممنوعہ فنڈنگ کیس میں پیشرفت، عمران خان مرکزی ملزم قرار
عدالت نے درخواست گزار کے وکیل ظفر اللہ سے استفسار کیا تھا کہ آپ کیا چاہ رہے ہیں؟ جس پر وکیل کا کہنا تھا کہ ہم دلائل کیلیے تیار ہیں جواب کی کاپی دوسرے فریق کو بھی دے دیں، عمران خان اور پی ٹی آئی کا جواب نہیں آیا۔
عدالت نے علی بخاری سے استفسار کیا تھا کہ سلمان صاحب سے پوچھ لیں آپ جواب جمع کروائیں گے؟ آپ پی ٹی آئی بھی اس کیس میں فریق ہیں جس پر علی بخاری نے جواب دیا کہ ہمیں پہلے جیل میں ملاقات تو کرنے دیں پھر ہم جواب دیں گے۔