پنجاب: آج سے 23 مئی تک آندھی و بارشوں کا الرٹ جاری

پراونشل ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب نے صوبہ بھر میں آندھی اور بارشوں بارے نیا الرٹ جاری کر دیا۔
فائل فوٹو
Updated | Published May, 18 2026 | Muhammad Bilal
لاہور : (سنو نیوز) پراونشل ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب نے صوبہ بھر میں آندھی اور بارشوں بارے نیا الرٹ جاری کر دیا۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق آج رات سے 23 مئی تک پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کا امکان ہے، پنجاب کے اضلاع راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، جہلم، چکوال، بھکر، لیہ، فیصل آباد، جھنگ، اوکاڑہ، گوجرانوالہ اور حافظ آباد میں بارش متوقع ہے۔

الرٹ کے مطابق سرگودھا، میانوالی، شیخوپورہ، خوشاب اور منڈی بہاوالدین میں بھی بارشوں کی پیشگوئی ہے، لاہور، سیالکوٹ، نارووال، فیصل آباد، جھنگ اور گردونواح میں بھی بادل برسیں گے۔

ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی ) پی ڈی ایم اے پنجاب عمر جاوید نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایات کے پیش نظر صوبے بھر کے کمشنرز و ڈپٹی کمشنرز کو موسمی صورتحال بارے الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

عمر جاوید نے شہریوں کو ہدایت کی کہ آسمانی بجلی سے بچاؤ کے لئے محفوظ مقامات پر رہیں،آسمانی بجلی کی گرج چمک کے دوران کھلے مقامات تلے ہرگز نہ جائیں، کسان اپنی تمام تر پیشگی اقدامات موسمی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے کریں۔

یہ بھی پڑھیں: گرمی کے ستائے شہریوں کیلئے خوشخبری، بارش کی پیشگوئی

ڈی جی پی ڈی ایم اے پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ سیاح شمالی علاقہ جات کے سفر میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں، دوران سفر تیز رفتاری سے گریز کریں، کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔