پنجاب: گرمی کے ستائے شہریوں کیلئے خوشخبری، بارش کی پیشگوئی

گرمی کے ستائے شہریوں کے لیے اچھی خبر سامنے آگئی، محکمہ موسمیات نے صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب بھر میں بارش کی پیشگوئی کر دی۔
فائل فوٹو
Updated | Published May, 17 2026 | Muhammad Bilal
لاہور: (ویب ڈیسک) گرمی کے ستائے شہریوں کے لیے اچھی خبر سامنے آگئی، محکمہ موسمیات نے صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب بھر میں بارش کی پیشگوئی کر دی۔

موسم کا احوال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ آندھی اور بارش برسانے والا نیا نظام پاکستان کی جانب تیزی سے بڑھ رہا ہے جو 19 مئی کو پاکستان میں داخل ہو نے کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر اضلاع میں 19 سے 22 مئی کے دوران آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارشیں متوقع ہیں۔

موسم کا احوال بتانے والوں کے مطابق باغوں کے شہر لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 27 ڈگری جبکہ زیادہ سے زیادہ 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کرنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات اور این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پیشگی اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔

بارش کے دوران شہریوں کو بھی احتیاط برتنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے، خاص طور پر ایسے علاقوں میں جہاں ژالہ باری یا تیز ہواؤں کا خطرہ زیادہ ہو سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں بارشوں کی نوید سنا دی

پی ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں کے دوران ریسکیو ادارے، میونسپل عملہ اور متعلقہ محکمے فیلڈ میں متحرک رہیں گے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری کارروائی کی جا سکے۔

حکام کی جانب سے شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ موسم کی صورتحال سے متعلق سرکاری ہدایات پر عمل کریں اور کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں فوری طور پر متعلقہ اداروں سے رابطہ کریں۔