محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں بارشوں کی نوید سنا دی

Pakistan Weather Alert 2026
فائل فوٹو
Updated | Published May, 16 2026 |
اسلام آباد:(ویب ڈیسک) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک کے مختلف حصوں میں موسم کی اچانک تبدیلی کے حوالے سے نیا الرٹ جاری کر دیا، جس میں بارشوں کے ساتھ ساتھ ژالہ باری اور تیز ہواؤں کے امکانات ظاہر کیے گئے ہیں۔

این ڈی ایم اے کے مطابق 19 سے 22 مئی کے دوران پنجاب، خیبرپختونخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں آندھی، گرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض علاقوں میں ژالہ باری کا امکان ہے۔ اس دوران شمالی علاقوں میں موسم خوشگوار ہونے کی توقع ہے جبکہ بارشوں سے گرمی کی شدت میں واضح کمی آسکتی ہے۔

محکمہ موسمیات اور این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پیشگی اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔

شہریوں کو بھی احتیاط برتنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے، خاص طور پر ایسے علاقوں میں جہاں ژالہ باری یا تیز ہواؤں کا خطرہ زیادہ ہو سکتا ہے

دوسری جانب سندھ میں صورتحال بالکل مختلف رہے گی، جہاں موسم شدید گرم اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

ماہرین کے مطابق سندھ کے بیشتر اضلاع میں ہیٹ ویو برقرار رہنے کا امکان ہے اور درجہ حرارت میں مزید اضافے کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:موٹر سائیکل ریلیف اسکیم،شہری کو 2200 کی جگہ 100 روپے موصول

این ڈی ایم اے کے مطابق موسمی تبدیلیوں کے اس دورانیے میں کسانوں کو بھی خاص طور پر محتاط رہنے کی ضرورت ہے کیونکہ ژالہ باری کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچا سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ یہ موسمی نظام وقتی ہے اور آئندہ دنوں میں اس کی شدت میں کمی یا اضافہ ہو سکتا ہے، تاہم شہریوں کو تازہ ترین اپ ڈیٹس پر نظر رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔