موٹر سائیکل ریلیف اسکیم،شہری کو 2200 کی جگہ 100 روپے موصول
رپورٹس کے مطابق صوبائی حکومت نے احساس موٹر سائیکل ریلیف پروگرام کے تحت موٹر سائیکل مالکان کو مالی معاونت فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے، جس کیلئے مجموعی طور پر 3 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ منصوبے کے مطابق تقریباً 16 لاکھ موٹر سائیکل صارفین کو 2200 روپے فی کس دیے جانے ہیں۔
تاہم سرکاری دستاویزات کے مطابق اب تک صرف 17 ہزار 658 افراد نے اس اسکیم کے تحت رجسٹریشن کرائی ہے، جن میں سے 8 ہزار 515 درخواستیں منظور کی جا چکی ہیں، اب تک 5 ہزار سے زائد افراد کو رقوم جاری بھی کر دی گئی ہیں۔
اسی دوران ایک شہری کو 2200 روپے کی بجائے صرف 100 روپے موصول ہونے کا معاملہ سامنے آیا، جس نے انتظامی شفافیت اور ادائیگی کے نظام پر سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس مخصوص کیس کی جانچ پڑتال کی جا رہی ہے تاکہ اصل وجہ معلوم کی جا سکے کہ رقم مکمل کیوں منتقل نہیں ہوئی۔
حکام نے مزید بتایا کہ ادائیگی کے نظام میں تکنیکی یا ڈیٹا سے متعلق مسائل کو بھی مدنظر رکھا جا رہا ہے اور اگر کہیں غلطی پائی گئی تو اسے فوری طور پر درست کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں:90 ملین پاؤنڈ کیس میں عمران خان کے وکیل کو حتمی مہلت
دوسری جانب شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ریلیف اسکیم کو شفاف اور آسان بنایا جائے تاکہ مستحق افراد کو مکمل مالی فائدہ بروقت مل سکے۔