میٹرک سالانہ امتحانات کے نتائج کی تاریخوں کا اعلان

میٹرک سالانہ امتحانات
پنجاب بھر میں میٹرک سالانہ امتحانات کے نتائج کے حوالے سے ابتدائی تاریخیں فائنل کر لی گئیں/ فائل فوٹو
Updated | Published May, 16 2026 |
لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب بھر میں میٹرک سالانہ امتحانات کے نتائج کے حوالے سے ابتدائی تاریخیں فائنل کر لی گئی ہیں، جس کے بعد طلبا، والدین اور تعلیمی اداروں میں نتائج کے اعلان سے متعلق انتظار مزید واضح ہو گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پنجاب کے تمام تعلیمی بورڈز نے میٹرک امتحانات کے نتائج کے شیڈول پر مشاورت مکمل کر لی ہے۔ ابتدائی شیڈول کے مطابق دہم جماعت کا سالانہ نتیجہ 6 اگست کو جاری کیے جانے کا امکان ہے، جبکہ نہم جماعت کا نتیجہ 2 ستمبر کو جاری کیا جا سکتا ہے۔
تعلیمی بورڈز کی جانب سے نتائج کی تیاری کا عمل جاری ہے اور مختلف مراحل میں پیپرز کی جانچ، نمبروں کی تصدیق اور رزلٹ کمپائل کرنے کا کام مکمل کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نتائج کے اعلان کی حتمی منظوری جلد دی جائے گی، جس کے بعد تمام بورڈز باضابطہ طور پر تاریخوں کا اعلان کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: اسٹیٹ بینک کا عیدالاضحیٰ پر ’’گو کیش لیس‘‘مہم کا اعلان

پنجاب بھر کے طلبا نے رواں سال میٹرک کے سالانہ امتحانات میں بڑی تعداد میں شرکت کی تھی۔ نتائج کے اعلان کے بعد دہم جماعت کے طلبا کالجز میں داخلوں کے لیے درخواستیں جمع کرا سکیں گے، جبکہ نہم جماعت کے طلبا اپنی تعلیمی کارکردگی کا جائزہ لے کر آئندہ سال دہم جماعت کے امتحانات کی تیاری بہتر انداز میں کر سکیں گے۔

ذرائع کے مطابق میٹرک سیکنڈ اینول امتحانات 6 اکتوبر سے شروع ہوں گے۔ ایسے طلبا جو سالانہ امتحانات میں کامیاب نہیں ہو سکیں گے یا اپنے نمبروں میں بہتری چاہتے ہوں گے، وہ سیکنڈ اینول امتحانات میں شرکت کر سکیں گے۔ ان امتحانات کے داخلہ شیڈول کا اعلان بھی جلد کیے جانے کا امکان ہے۔

دوسری جانب پنجاب میں آٹھویں بورڈ کے امتحانات کے لیے طلبا کی رجسٹریشن کا باقاعدہ آغاز 25 مئی سے ہوگا۔ رجسٹریشن کی آخری تاریخ 8 جولائی مقرر کی گئی ہے۔ اس حوالے سے متعلقہ حکام نے سکول سربراہان کو ہدایت جاری کی ہے کہ طلبا کا درست اور مکمل ڈیٹا فراہم کیا جائے تاکہ رجسٹریشن کے عمل میں کسی قسم کی غلطی یا تاخیر نہ ہو۔

پیکٹا حکام کے مطابق سکول سربراہان طلبا کے نام، والدین کی معلومات، ب فارم نمبر، تاریخ پیدائش اور دیگر ضروری کوائف درست انداز میں درج کریں۔ غلط معلومات فراہم کرنے کی صورت میں طلبا کو امتحانی عمل کے دوران مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔