اسٹیٹ بینک کا عیدالاضحیٰ پر ’’گو کیش لیس‘‘مہم کا اعلان

اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے عیدالاضحیٰ پر ’’گو کیش لیس‘‘مہم کا اعلان کر دیا۔
فائل فوٹو
Updated 22 گھنٹے قبل | Published May, 15 2026 | Muhammad Bilal
کراچی:(سنو نیوز) اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے عیدالاضحیٰ پر ’’گو کیش لیس‘‘مہم کا اعلان کر دیا۔

مرکزی بینک نے عیدالاضحیٰ پر ڈیجیٹل پاکستان وژن کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے ملک گیر ’’گوکیش لیس‘‘ مہم شروع کر دی، مہم کا مقصدمویشی منڈیوں میں محفوظ، آسان اور ڈیجیٹل لین دین کو فروغ دینا ہے۔

اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ گو کیش لیس مہم کا مقصد نقد رقم پر انحصار کم کرنا ہے، پاکستان کے ادائیگی نظام کی ڈیجیٹائزیشن ترجیحات میں شامل ہے۔

مرکزی بینک کے مطابق عیدالاضحیٰ پرمویشی منڈیوں میں بڑے پیمانے پر لین دین کیلئے مہم شروع کی گئی ہے، گزشتہ برس 54 مویشی منڈیاں مہم میں شامل تھیں، اس سال تعداد بڑھ کر 96 منڈیوں تک پہنچ گئی ہے۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق 22 بینک مویشی منڈیوں میں خصوصی کیمپ اور کیاسک قائم کریں گے تاکہ بیوپاریوں اور خریداروں کو ڈیجیٹل ادائیگیوں کی سہولت فراہم کی جا سکے۔

اعلامیہ میں بتایا گیا کہ کیو آرکوڈ کے ذریعے ادائیگیوں کو فروغ دینے کے لئےخصوصی انتظامات کئے گئے ہیں، بیوپاریوں،ٹرانسپورٹرز اور سروس فراہم کرنے والوں کے لئے اکاؤنٹس بھی کھولے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: نئے ڈیزائن کے کرنسی نوٹوں سے متعلق گورنر سٹیٹ بینک کا اہم بیان

اسٹیٹ بینک نےلین دین اور اکاؤنٹ بیلنس کی حد میں بھی عبوری نرمی کر دی، نئی سہولت کا اطلاق 14 مئی سے 5 جون 2026 ء تک ہو گا، مہم کے تحت مویشی منڈیوں کے اطراف موبائل بینکنگ وین اور اے ٹی ایم بھی نصب کئے جائیں گے۔

مرکزی بینک کی جانب سے عوام سے موبائل بینکنگ ایپس اور راست سہولیات استعمال کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔

اسٹیٹ بینک کی جانب سے مزید کہا گیا کہ ڈیجیٹل ادائیگیاں سہولت، تحفظ اور شفافیت فراہم کرتی ہیں، نقدرقم ساتھ رکھنے سے وابستہ خطرات کم کرنے کے لئے ڈیجیٹل نظام استعمال کریں۔