9 مئی مقدمات: پاکستان تحریک انصاف کے 4 رہنما بری
کراچی کی مقامی عدالت نے 9 مئی کے مقدمات میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں سابق رکن قومی اسمبلی فہیم خان، سابق رکن صوبائی راجہ اظہر سمیت 4 رہنماؤں کی بریت کی درخواست پر فیصلہ سنا دیا۔
ملزمان کی جانب سے وکلاء اقرار اسلام اور صائمہ اقرار پیش ہوئے۔
جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی نے سانحہ 9 مئی اور جلاؤ گھیراؤ کے مقدمات میں عدم شواہد کی بنیاد پر پی ٹی آئی رہنماؤں سابق رکن قومی اسمبلی فہیم خان اور سابق رکن صوبائی راجہ اظہر و دیگر کی درخواست پر فیصلہ سنا دیا۔
عدالت نے قرار دیا کہ پراسیکیوشن پی ٹی آئی رہنماؤں پر جرم ثابت کرنے میں ناکام رہی،عدالت نے سابق ایم این اے فہیم خان، ایم پی اے راجہ اظہر سمیت 4 رہنماؤں کو عدم شواہد پر بری کردیا۔
عدالت نے ملزمان شاہنواز جدون اور شہزاد کو بھی بری کر دیا، پولیس کے مطابق ملزمان پر بانی پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری پر جلاؤ گھیراؤ اور بکتر بند گاڑی کو نقصان پہنچانے کا بھی الزام تھا۔
یہ بھی پڑھیں: نومئی کیسز، پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف سماعت بغیر کارروائی ملتوی
یاد رہے کہ 9 مئی 2023 کو بانی پی ٹی آئی و سابق وزیراعظم عمران خان کی اسلام آباد ہائیکورٹ کے احاطہ عدالت سے گرفتاری کے بعد پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے ملک گیر پرتشدد احتجاج کے دوران پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے سرکاری و غیر سرکاری اور فوجی املاک کو نقصان پہنچایا گیا تھا۔
ریاست کی جانب سے سانحہ 9 مئی پر پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنان کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمات درج کیے گئے تھے۔