لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں سابق صوبائی وزیر ڈاکٹر یاسمین راشد و دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف نو مئی کو جلاؤ گھیراؤ کے دو مقدمات کا جیل ٹرائل ہوا، انسداد دہشت گردی عدالت کے جج کی مصروفیات کی وجہ سے سماعت نہ ہو سکی۔
اے ٹی سی کے جج منظر علی گل نے کیسز کی سماعت کرنا تھی، عدالتی عملے نے ملزمان کی حاضری مکمل کی، ملزمان کی جانب سے رانا مدثر عمر ایڈووکیٹ پیش ہوئے۔
بعدازاں عدالت نے سابق صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد و پاکستان تحریک انصاف کے دیگر رہنماؤں کے خلاف کیسز کی مزید سماعت 27 اپریل تک ملتوی کر دی۔
واضح رہے کہ ملزمان میں اعجاز چودھری ،میاں محمود الرشید اور ڈاکٹر یاسمین راشد سمیت دیگر شامل ہیں، خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کے خلاف تھانہ مغلپورہ جلاؤ گھیراؤ اور شیر پاؤ پل پر جلاؤ گھیراؤ کے مقدمات درج ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: یاسمین راشد و دیگر کو 36 برس قید کی سزا
یاد رہے کہ 9 مئی 2023 کو بانی پی ٹی آئی و سابق وزیراعظم عمران خان کی اسلام آباد ہائیکورٹ کے احاطہ عدالت سے گرفتاری کے بعد پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے ملک گیر پرتشدد احتجاج کے دوران پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے سرکاری و غیر سرکاری اور فوجی املاک کو نقصان پہنچایا گیا تھا۔
ریاست کی جانب سے سانحہ 9 مئی پر پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنان کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمات درج کیے گئے تھے۔