جیل میں صنم جاوید کی طبیعت اچانک خراب، اسپتال منتقل
واقعے کے بعد سیاسی حلقوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی جبکہ ان کے اہل خانہ نے طبی سہولیات سے متعلق سوالات اٹھا دیے ہیں۔
صنم جاوید کے شوہر کے مطابق انہیں آنکھ اور معدے میں شدید تکلیف کی شکایت تھی، جس کے باعث پہلے جیل اسپتال میں ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔ تاہم حالت مزید خراب ہونے پر ڈاکٹرز نے انہیں فوری طور پر جناح اسپتال منتقل کرنے کا فیصلہ کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ صنم جاوید کو سخت سیکیورٹی میں اسپتال لایا گیا، جہاں جناح اسپتال کے ایمرجنسی وارڈ میں ان کا طبی معائنہ اور علاج جاری ہے۔
اسپتال انتظامیہ کی جانب سے ابھی تک بیماری کی مکمل نوعیت یا میڈیکل رپورٹ جاری نہیں کی گئی، جس کے باعث مختلف قیاس آرائیاں بھی سامنے آ رہی ہیں۔
واضح رہے کہ صنم جاوید کو نو مئی کے مقدمے میں عدالت کی جانب سے 5 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی اور وہ اس وقت کوٹ لکھپت جیل میں قید ہیں۔ ان کی اچانک طبیعت خراب ہونے کی خبر سامنے آنے کے بعد تحریک انصاف کے کارکنوں اور رہنماؤں میں تشویش پائی جا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:کسٹمز گودام میں آگ بھڑک اٹھی، 31 افراد جھلس گئے
سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ جیلوں میں قید سیاسی شخصیات کی صحت اور طبی سہولیات کا معاملہ ایک بار پھر توجہ کا مرکز بن گیا ہے، جبکہ صنم جاوید کی صحت سے متعلق مزید تفصیلات کا انتظار کیا جا رہا ہے۔