کسٹمز گودام میں آگ بھڑک اٹھی، 31 افراد جھلس گئے
جہاں ایل پی جی باوزر دھماکے سے پھٹنے کے باعث 31 افراد جھلس کر زخمی ہوگئے جبکہ کئی گاڑیاں اور ضبط شدہ سامان بھی خاکستر ہوگیا۔ واقعے کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا اور امدادی کارروائیاں کئی گھنٹوں تک جاری رہیں۔
فائربریگیڈ حکام کے مطابق آگ لگنے کا واقعہ دن تقریباً 11 بجے کے بعد پیش آیا، ابتدائی طور پر گودام سے دھواں اٹھنا شروع ہوا جس کے بعد آگ نے تیزی سے پورے علاقے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ شام تک فائر بریگیڈ کی متعدد گاڑیاں آگ بجھانے میں مصروف رہیں تاہم آگ پر مکمل قابو نہ پایا جا سکا۔
حکام کا کہنا ہے کہ گودام میں کھڑا ایل پی جی باوزر اچانک آگ کی لپیٹ میں آکر زور دار دھماکے سے پھٹ گیا، جس کے نتیجے میں قریب موجود افراد شدید جھلس گئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر سول اسپتال کوئٹہ کے شعبہ حادثات اور برن یونٹ منتقل کر دیا گیا، جہاں 7 زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:ٹرمپ کے فیصلے کے بعد عالمی تیل مارکیٹ ہل گئی
عینی شاہدین کے مطابق دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی جبکہ کئی گاڑیوں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔ کسٹمز گودام میں موجود ضبط شدہ سامان بھی آگ کی نذر ہوگیا۔