پنجاب میں گرمیوں کی چھٹیوں کا نیا شیڈول زیر غور
وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ 22 مئی سے 2 اگست تک موسم گرما کی چھٹیوں کا امکان زیر بحث ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر تعلیم نے بتایا کہ 11 مئی کو گرمیوں کی چھٹیوں کے حوالے سے حتمی فیصلہ کیا جائے گا، تعلیمی نقصان کم کرنے کیلئے سمر کیمپس کے قیام پر بھی غور کیا جا رہا ہے تاکہ طلبہ کی تعلیم کا سلسلہ جزوی طور پر جاری رکھا جا سکے۔
محکمہ تعلیم کے ذرائع کے مطابق عیدالاضحیٰ کی ممکنہ تعطیلات 27 سے 29 مئی تک متوقع ہیں، جبکہ 30 اور 31 مئی کی ہفتہ وار چھٹیوں کے باعث طویل وقفہ بن سکتا ہے۔ اسی صورتحال کے پیش نظر امکان ہے کہ اسکول 27 مئی سے ہی بند کر دیے جائیں، حالانکہ معمول کے مطابق چھٹیاں یکم جون سے شروع ہوتی ہیں۔
دوسری جانب پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ مئی سے جولائی کے دوران درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہنے اور ہیٹ ویو کے خدشات موجود ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:عیدِ قربان سے قبل سرکاری ملازمین کیلئے بڑی خوشخبری
وزیر تعلیم نے مزید کہا کہ تعلیمی دنوں کی تعداد 180 سے بڑھا کر 190 کرنے کیلئے چھٹیوں کے نظام میں کمی کی تجویز بھی زیر غور ہے۔
نجی اسکولوں نے بھی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ صبح کے اوقات میں سمر کیمپس چلانے کی اجازت دی جائے، حتمی اعلان موسمی صورتحال اور متعلقہ فیصلوں کے بعد کیا جائے گا۔