200 یونٹ تک بجلی پر سبسڈی؟ حکومت کا موقف آگیا
وزارت توانائی کے مطابق بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں نے صارفین کی سہولت اور حکومتی سبسڈی کے شفاف طریقے سے صارفین کو پہنچانے کے لیے اہم اقدام اٹھایا ہے، اب حکومت کی طرف سے صارفین کو جو سبسڈی دی جا رہی ہے، واضح طور پر بتایا جائے گا اُنہیں اس مہینے میں کتنی رقم کی سبسڈی فراہم کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: حکومت کا 200 یونٹ تک بجلی پر سبسڈی ختم کرنیکا فیصلہ
پاور ڈویژن کے مطابق یہ قدم اس لیے اٹھایا گیا ہے تاکہ یہ سبسڈی اہل اور مستحق صارفین تک پہنچتی رہے، بجلی کے بل پر ایک کیو آر کوڈ دیا جا رہا ہے، جسے اسکین کر کے صارفین کو ایک لنک پر رجسٹریشن کرنا ہوگی۔ یہ رجسٹریشن محض اس بات کو یقینی بنانے کے لیے ہے تاکہ غریب اور بجلی کم استعمال کرنے والے خاندانوں کو ریلیف ملتی رہے۔
واضح رہے ان اقدامات کا مطلب کسی بھی طرح سبسڈی ختم کرنا نہیں ہے، حکومت کا مؤقف ہے کہ غریب اور متوسط طبقے کو ریلیف دینا اولین ترجیح ہے اور اس عمل کا مقصد فقط وسائل کا صحیح اور منصفانہ استعمال ہے تاکہ ٹیکس دہندگان کے پیسے ضائع ہونے سے بچ سکیں۔
حکومت نے عوام سے اپیل کی کہ مستقبل میں اہل بجلی صارفین کیلئیے سبسڈی کے تسلسل کے لیے دیئے گئے کیو آر کوڈ پر جلد از جلد رجسٹریشن کرائیں، اگر کسی صارف کو بل پر کوئی غلطی یا دیگر پریشانی ہو تو وہ اپنی متعلقہ بجلی کمپنی کے ہیلپ لائن نمبر پر رابطہ کر سکتے ہیں، حکومت عوام کی سہولت اور شفافیت کے لیے پرعزم ہے اور کسی سیاسی یا معاشی دباؤ کے باوجود غریب کا حق ادا کرتی رہے گی۔