پنجاب حکومت کا گریجویٹس کو ماہانہ 60 ہزار دینے کا اعلان

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز
پروگرام کا مقصد نوجوان ویٹرنری گریجویٹس اور پیراویٹس کو عملی میدان میں تجربہ فراہم کرنا ہے/ فائل فوٹو
Updated | Published May, 5 2026 |
لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے صوبے میں لائیو سٹاک سیکٹر کو مضبوط بنانے اور نوجوان ویٹرنری پروفیشنلز کو عملی تربیت فراہم کرنے کے لیے انٹرن شپ پروگرام کا اعلان کیا گیا۔ اسکے تحت ایک ہزار ویٹرنری گریجویٹس اور پیراویٹس کو انٹرن شپ کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔

پنجاب حکومت کے مطابق اس پروگرام کا مقصد نوجوان ویٹرنری گریجویٹس اور پیراویٹس کو عملی میدان میں تجربہ فراہم کرنا ہے تاکہ وہ مویشی پال حضرات، دیہی علاقوں اور لائیو سٹاک فارمز میں بہتر خدمات انجام دے سکیں۔ حکومت کا کہنا ہے کہ لائیو سٹاک پنجاب کی معیشت کا ایک اہم حصہ ہے، اس لیے اس شعبے میں جدید تربیت یافتہ افرادی قوت کی تیاری وقت کی اہم ضرورت ہے۔

انٹرن شپ پروگرام کے تحت ویٹرنری گریجویٹس کو ماہانہ 60 ہزار روپے وظیفہ دیا جائے گا، جبکہ پیراویٹس کے لیے ماہانہ وظیفے کی رقم 40 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔ حکام کے مطابق اس مالی معاونت سے نوجوانوں کو نہ صرف روزگار کا عارضی موقع ملے گا بلکہ وہ اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بھی بہتر بنا سکیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب حکومت کا درسی کتب کے نصاب میں نظرثانی کا فیصلہ

رواں سال کے لیے ویٹرنری گریجویٹس کا انٹرن شپ کوٹہ 264 رکھا گیا ہے، جبکہ پیراویٹس کے لیے 371 نشستیں مختص کی گئی ہیں۔ اس پروگرام کے ذریعے منتخب امیدواروں کو مختلف اضلاع میں تعینات کیا جائے گا، جہاں وہ جانوروں کی صحت، ویکسینیشن، علاج معالجے، بیماریوں کی روک تھام اور کسانوں کی رہنمائی جیسے امور میں عملی تربیت حاصل کریں گے۔

درخواست گزاروں کی سہولت کے لیے درخواستوں کی وصولی کی آخری تاریخ میں توسیع کر دی گئی ہے۔ اب خواہشمند امیدوار 15 مئی 2026 تک اپنی درخواستیں جمع کروا سکتے ہیں۔ حکومت پنجاب کے مطابق درخواست جمع کروانے کے لیے امیدوار www.jobs.punjab.gov.pk پر موجود فارم پُر کریں گے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ نوجوانوں کو باعزت روزگار، تربیت اور ترقی کے مواقع فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ ان کے مطابق ویٹرنری انٹرن شپ پروگرام نہ صرف نوجوانوں کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگا بلکہ پنجاب کے لائیو سٹاک سیکٹر میں بھی بہتری لائے گا۔