پنجاب حکومت کا درسی کتب کے نصاب میں نظرثانی کا فیصلہ
پنجاب کریکولم اینڈ ٹیکسٹ بک بورڈ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق آئندہ تعلیمی سال کے لیے نصاب کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ طلبہ کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیمی مواد فراہم کیا جا سکے۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ عمومی طور پر زیادہ تر درسی کتب موجودہ شکل میں برقرار رہیں گی، تاہم جماعت نہم کی کمپیوٹر سائنس اور انٹرپرینیورشپ کی کتب میں تبدیلیاں کی جائیں گی۔
اعلامیے کے مطابق جماعت نہم کے لیے کمپیوٹر سائنس کا نظرثانی شدہ اور اپ ڈیٹ نصاب شائع کیا جائے گا، اس اقدام کا مقصد طلبہ کو جدید ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل مہارتوں اور کمپیوٹر سائنس کے نئے رجحانات سے آگاہ کرنا ہے۔
تعلیمی ماہرین کے مطابق کمپیوٹر سائنس کا نصاب وقت کے ساتھ اپ ڈیٹ کرنا ضروری ہے کیونکہ ٹیکنالوجی کے شعبے میں تیزی سے تبدیلیاں آ رہی ہیں۔
پنجاب کریکولم اینڈ ٹیکسٹ بک بورڈ کے مطابق جماعت نہم کی کمپیوٹر سائنس اور انٹرپرینیورشپ کی کتب کے صفحات کی تعداد بھی کم کی جائے گی۔
اس فیصلے کا مقصد طلبہ پر تعلیمی بوجھ کم کرنا اور نصابی مواد کو زیادہ جامع، آسان اور مؤثر بنانا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: انٹرمیڈیٹ کے طلبہ کیلئے امتحان پاس کرنے کے مواقع بڑھا دیے گئے
ذرائع کے مطابق نصاب میں تبدیلیوں کے دوران اس بات کا خاص خیال رکھا جائے گا کہ طلبہ کی بنیادی تعلیمی ضروریات متاثر نہ ہوں اور انہیں مختصر مگر معیاری مواد فراہم کیا جائے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ کمپیوٹر سائنس کے اپ ڈیٹ نصاب میں جدید معلومات شامل کی جائیں گی جبکہ غیر ضروری یا زائد مواد کو کم کیا جائے گا۔
تعلیمی حلقوں نے اس فیصلے کو مثبت قدم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ نصابی کتب کو جدید دور کے مطابق بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ نظرثانی شدہ کتب تعلیمی سال 27-2026 کے آغاز سے قبل دستیاب کرانے کی کوشش کی جائے گی۔