خیبرپختونخوا میں زلزلے کے شدید جھٹکے

earthquake in Khyber Pakhtunkhwa
فائل فوٹو
Updated | Published May, 3 2026 |
پشاور:)ویب ڈیسک) خیبرپختونخوا کے ضلع مہمند اور اس کے گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور شہری گھروں سے باہر نکل آئے۔

زلزلہ پیمائی مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 3.9 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کی گہرائی 35 کلومیٹر تھی، زلزلے کا مرکز پشاور سے تقریباً 58 کلومیٹر شمال مغرب میں تھا۔

رپورٹس کے مطابق زلزلہ صبح تقریباً 7 بجے آیا، جس کے باعث لوگوں میں شدید خوف و اضطراب پیدا ہو گی، اچانک زمین لرزنے پر شہری کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے محفوظ مقامات کی جانب نکل آئے۔ اسکولوں، گھروں اور دفاتر میں بھی مختصر وقت کیلئے افراتفری کی صورتحال دیکھی گئی۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق زلزلے سے کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، تاہم مقامی انتظامیہ نے صورتحال پر نظر رکھنا شروع کر دی ہے اور ریسکیو اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ماہرین ارضیات کے مطابق اس نوعیت کے زلزلے خطے میں معمول کے مطابق آتے رہتے ہیں، تاہم عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی جاتی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے محفوظ رہا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں:موسم کیسا رہے گا؟ محکمہ موسمیات نے بتا دیا

ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ افواہوں پر توجہ نہ دیں اور کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں فوری طور پر متعلقہ اداروں سے رابطہ کریں۔ زلزلے کے بعد علاقے میں معمولات زندگی کچھ دیر کے لیے متاثر ہوئے، تاہم بعد ازاں صورتحال بتدریج معمول پر آنا شروع ہو گئی۔