حکومت کا اوورسیز پاکستانیوں کیلئے تعلیمی وظائف کا اعلان

اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن
بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے اہل خانہ کیلئے نئے اسکالرشپ پروگرام کا آغاز کیا گیا/ فائل فوٹو
اسلام آباد:(ویب ڈیسک) اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے اہل خانہ کیلئے نئے اسکالرشپ پروگرام کا آغاز کر دیا۔

اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے بچوں اور اہل خانہ کے لیے تعلیمی وظائف کا نیا پروگرام متعارف کرا دیا، جس کا مقصد اعلیٰ تعلیم کے اخراجات میں سہولت فراہم کرنا ہے۔

حکام کے مطابق اوورسیز پاکستانیز ایجوکیشن فنڈ کے تحت شروع کیے گئے اس اقدام میں انٹرمیڈیٹ، گریجویشن اور پوسٹ گریجویٹ سطح کے طلبہ کو مالی مدد دی جائے گی۔ اس اسکیم میں میڈیکل، ڈینٹل، انجینئرنگ اور ماسٹرز سمیت مختلف شعبہ جات کو شامل کیا گیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ طلبہ مستفید ہو سکیں۔

یہ بھی پڑھیں: پورٹل اوپن: الیکٹرک بائیک اسکیم کیلئے ابھی اپلائی کریں

اسکالرشپ کے حصول کے لیے امیدوار کا حالیہ امتحانات میں کم از کم 60 فیصد نمبر یا 2.5 سی جی پی اے ہونا لازمی قرار دیا گیا ہے جبکہ درخواست گزار کے والدین یا شریکِ حیات کا اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن میں رجسٹرڈ ہونا بھی شرط ہے۔

اہل ہونے کے لیے خاندان کی ماہانہ آمدن دو لاکھ روپے سے کم ہونی چاہیے اور طلبہ جو اسی تعلیمی سال میں کسی اور اسکالرشپ سے فائیدہ اٹھا رہے ہو وہ اس پروگرام کے تحت شامل نہیں ہو سکیں گے۔

حکام نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن کے مرحوم اراکین کے بچوں کے لیے خصوصی بنیادوں پر درخواست دینے کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔

.ماہرین کے مطابق یہ اقدام بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے خاندانوں کے لیے تعلیمی مواقع بہتر بنانے اور مالی دباؤ کم کرنے کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جارہا ہے