آئی ایم ایف نے ورلڈ اکنامک آؤٹ لک رپورٹ 2026 جاری کر دی۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں جنگ نےعالمی معاشی ترقی کو متاثر کر دیا ، جنگ کے باعث عالمی ترقی کی رفتار 0.2 فیصد کمی سے 3.4 فیصد رہنے کا امکان ہے، آئی ایم ایف نے پاکستان میں بھی معاشی شرح نمو سست اور مہنگائی بڑھنےکی پیشگوئی کی ہے۔
آئی ایم ایف کے مطابق پاکستان کی رواں مالی سال معاشی شرح نمو 3.6 فیصد رہنے کا امکان ہے، حکومت نے اس سال معاشی ترقی کا ہدف 4.2 فیصد مقرر کر رکھا ہے، پاکستان میں رواں مالی سال مہنگائی 7.2 فیصد ہونے کا امکان ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اگلے مالی سال مہنگائی مزید بڑھ کر 8.4 فیصد تک جانے کا خدشہ ہے جبکہ گزشتہ مالی سال مہنگائی کی شرح 4.5 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعلیٰ مریم نواز کا کاشتکاروں کو 6 ارب کا باردانہ مفت دینے کا اعلان
آئی ایم ایف کے مطابق پاکستان میں اس سال بیروزگاری کی شرح 7.1 فیصد سے کم ہو کر 6.9 فیصد رہے گی ، اگلےمالی سال بے روزگاری مزید کم ہو کر 6.5 فیصد پر آ سکتی ہے۔
عالمی مالیاتی فنڈ کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ رواں مالی سال کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ جی ڈی پی کا 0.4 فیصد ہو سکتا ہے جبکہ اگلے سال کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ جی ڈی پی کے 0.9 فیصد تک جا سکتا ہے۔
آئی ایم ایف نے جنگ سےعالمی انرجی سپلائی اور مارکیٹس متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا ہے اور نئی ترجیحات کے تعین پر زور دیا ہے، رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ مشرق وسطیٰ تنازع کی مدت اور شدت مستقبل کی آؤٹ لک کا تعین کرے گی۔