ملک بھر میں بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ، عوام کا جینا دوبھر
پاکستان بھر میں گیس اور بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ کے باعث عوام شدید مشکلات کا شکار ہوگئے/ فائل فوٹو
April, 14 2026
لاہور (ویب ڈیسک) پاکستان بھر میں گیس اور بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ کے باعث عوام شدید مشکلات کا شکار ہو گئے اور شہریوں میں غم و غصہ تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ گھریلو زندگی بری طرح متاثر ہو چکی ہے جبکہ کاروباری سرگرمیاں بھی مفلوج ہو کر رہ گئی ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے معمولاتِ زندگی درہم برہم کر دیے ہیں۔ گھروں میں بنیادی ضروریات پوری کرنا مشکل ہو چکا ہے جبکہ چھوٹے کاروبار بند ہونے کے قریب پہنچ چکے ہیں، جس سے معاشی پریشانیوں میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: موٹرسائیکل سبسڈی: محکمہ خزانہ پنجاب نے 24 ارب مانگ لئے
عوامی و سماجی حلقوں کے مطابق موجودہ صورتحال ناقابلِ برداشت ہو چکی ہے، جس کے باعث عوام سراپا احتجاج بن گئی ہے اور مختلف علاقوں میں شدید ردعمل سامنے آ رہا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے بارہا دعووں کے باوجود توانائی کے بحران پر قابو نہیں پایا جا سکا۔
انہوں نے حکومت سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ فوری اور مثر اقدامات کرتے ہوئے گیس اور بجلی کی لوڈشیڈنگ پر قابو پایا جائے اور عوام کو فوری ریلیف فراہم کیا جائے۔