نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے ) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے ملک کے مختلف حصوں کے لیے جاری بارشوں کی وجہ سے ممکنہ خطرات و آفات کا الرٹ جاری کر دیا۔
ترجمان این ڈی ایم اے نے بتایا کہ نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) ملک بھر کے لیے ممکنہ موسمی صورتحال اور خطرات کے حوالے سے پیشگی الرٹ جاری کر رہا ہے، موجودہ صورتحال این ای او سی کی جانب سے جنوری میں جاری کردہ اگلے 3 سے 4 ماہ کے دوران متوقع موسمی جائزہ کے عین مطابق ہے۔
حکام کے مطابق این ای او سی کی جانب سے ماہ اپریل تا جون کی ممکنہ موسمی صورتحال کا جائزہ بھی جاری کیا جا رہاہے، ملک میں جاری بارش، برفباری اور ژالہ باری کے حوالے سے تمام موسمی صورتحال این ای او سی کی جانب سے جاری پیشگی الرٹس کے عین مطابق ہے۔
این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری الرٹ میں کہا گیا ہے کہ اگلے 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کیساتھ بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔
الرٹ کے مطابق گلگت بلتستان و کشمیر کے ریجن میں گلگت، اسکردو، ہنزہ، نگر، غذر، دیامر، استور، خپلو، شگر، مظفرآباد، باغ، حویلی، پونچھ، وادی نیلم، کوٹلی، میرپور اور بھمبر میں بارش، آندھی اور ژالہ باری متوقع ہے جبکہ ملک کے بالائی علاقوں میں بعض مقامات پر برفباری کی بھی پیشگوئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ملک بھر میں بارشوں کی دھواں دار واپسی
خیبرپختونخوا میں چترال، دیر، سوات، کالام، منگورہ، بٹگرام، پشاور، صوابی، نوشہرہ، مردان، چارسدہ، کوہاٹ، کرک، بنوں، لکی مروت، ٹانک، ڈی آئی خان اور وزیرستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور تیز ہواؤں کا امکان ہے۔
اسی طرح پنجاب میں مری، اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال، گوجر خان، جہلم، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ، نارووال، سرگودھا، چنیوٹ، جھنگ، فیصل آباد، لاہور، ساہیوال، اوکاڑہ، قصور، گوجرہ، لیہ، میانوالی، بورے والا، ملتان اور ڈی جی خان میں بارش، آندھی اور ژالہ باری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
این ڈی ایم اے کی جانب سے کہا گیا ہے کہ بارش اور آندھی کے باعث حد نگاہ میں کمی اور سڑکیں پھسلن کا شکار ہو سکتی ہیں، ژالہ باری سے فصلوں، گاڑیوں اور کمزور تعمیرات کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے جبکہ برفباری سے پہاڑی علاقوں میں ٹریفک متاثر ہو سکتی ہے لہذا شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے شہریوں کو ہدایت کی کہ آندھی اور ژالہ باری کے دوران محفوظ مقامات پر رہیں، مقامی موسمی ہدایات پر عمل کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں، بروقت اطلاع کے لیے پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ کا استعمال کریں۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور پیشگی اقدامات کی ہدایت کر دی ہے۔