صوبائی دارالحکومت لاہور میں مال روڈ، ایبٹ روڈ، ڈیوس روڈ، گڑھی شاہو، جیل روڈ، اپر مال، فیروزپور روڈ، چوبرجی، ساندہ اور گلبرگ سمیت متعدد علاقوں میں بارش ہوئی، جس کے بعد گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور فضا میں خنکی بڑھ گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کے باعث درجہ حرارت میں نمایاں کمی آئی، شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 16 جبکہ زیادہ سے زیادہ 23 درجے سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش کا یہ سلسلہ دن بھر وقفے وقفے سے جاری رہ سکتا ہے، جس سے مزید ٹھنڈ میں اضافہ ہوگا، دوسری جانب پنجاب کے دیگر شہروں بہاولپور، اوچ شریف، وہاڑی، قصور، پھول نگر، میاں چنوں، عبدالحکیم، میکلوڈگنج، چشتیاں، راجن پور اور قائد آباد میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی، جس کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔
یہ بھی پڑھیں:فائرنگ سے جماعت اسلامی کے رہنما جاں بحق
ادھر پشاور اور گردونواح میں بھی موسلا دھار بارش نے جل تھل ایک کر دیا، کئی نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا جبکہ سڑکوں پر پانی کھڑا ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔
بارش کے باعث مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہوگئی، جس سے شہریوں کو مزید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔